دورہ جنوبی افریقہ کے دوران پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست اور دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، ٹیم فائٹ کررہی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپ گریڈیشن اور رنیوویشن کے دوران دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کا فنشنگ ورک 25 جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم کے افتتاح کا پلان ہے، اس تقریب کو یادگار بنایا جائے گا۔ مختلف شخصیات کو بھی مدعو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے ساتھ ٹیسٹ میچ میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ٹیم فائٹ کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کل صبح لندن روانہ ہوجائیں گے، معاون کوچ اظہر محمود بھی ان کے ساتھ ہوں گے، صائم ایوب کے اسپورٹس کے بہترین ڈاکٹر سے علاج ہوگا۔
پی سی بی سربراہ کے مطابق صائم کے علاج پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صائم پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کی جلد صحت یابی چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل تک کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف بیٹنگ جاری تھی، پاکستان کی تیسری وکٹ 278 رنز پر گر گئی تھی۔
گزشتہ روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 194 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے تھے۔