کراچی:
آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے بھارت کے جسپریت بمراہ کو کرکٹ کے تمام فارمیٹس کا بہترین فاسٹ بولر قرار دے دیا ہے۔
جسپریت بمراہ کو بارڈر گواسکر ٹرافی میں بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ دیا گیا تھا۔
ای ایس پی این کو انٹرویو دیتے ہوئے مائیکل کلارک نے کہا کہ سیریز کے اختتام پر میں نے بمراہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس پر اس نتیجے پر پہنچا کہ بمراہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا بہترین فاسٹ بولر ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ بہترین فاسٹ بولرز میں کرٹلی ایمبروز اور گلین میک گرا بھی تھے لیکن انہوں نے ٹی20 کرکٹ نہیں کھیلی تھی۔ اگر ہم تینوں فارمیٹس کی بات کریں تو بمراہ ایک بہترین بولر ہے۔
مائیکل کلارک نے کہا کہ بمراہ ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے بہترین ہے اور یہی بات اچھی ہے، اس لیے بمراہ کسی بھی فارمیٹ اور کنڈیشن کے لیے زبردست بولر ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں سڈنی ٹیسٹ میں بھارت نے 20 رنز کم بنائیں، مہمان ٹیم کو اگر 180 رنز کی برتری حاصل ہو جاتی اور بمراہ انجری کے باعث ٹیم سے باہر نہ ہوتے تو میچ بھارت کے حق میں ہوتا۔ بمراہ بھارتی ٹیم کے باقی بولرز کے مقابلے میں بہت اچھا بولر ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے دوران جسمپریت بمراہ زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے سیریز میں 32 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
جسپریت بمراہ اگر زخمی نہ ہوتے تو آسٹریلیا کے لیے 162 رنز کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہوتا۔