معروف گلوکار لیام پین کی موت کے معاملے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
منشیات فراہم کرنے کے الزام میں مفرور ایزیکیل ڈیوڈ پیریرا نے وکیل کے ذریعے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
21 سالہ پیریرا کو عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر مطلوب قرار دیا گیا تھا۔ پولیس نے بیونس آئرس کے مضافاتی علاقے اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے، جس کے بعد ملزم نے گرفتاری دے دی۔
قبل ازیں، پولیس نے ایک اور ملزم برائن پائز کو بھی گرفتار کیا تھا، جس پر گلوکار کو منشیات فراہم کرنے کا الزام ہے۔ پائز نے الزامات کی تردید کی ہے، جبکہ ان سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے تین پر غیر ارادی قتل کے الزامات ہیں۔
16 اکتوبر 2024 کو لیام پین بیونس آئرس کے ایک ہوٹل کی بالکونی سے گر کر جاں بحق ہو گئے تھے۔ پراسیکیوٹرز کا دعویٰ ہے کہ حادثے سے قبل انہوں نے کوکین، شراب، اور اینٹی ڈپریسنٹس کا استعمال کیا تھا۔
لیام پین کی موت نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو غمزدہ کر دیا۔ ان کی سابقہ بینڈ ون ڈائریکشن کے ساتھیوں نے بھی ان کی یاد میں خراج تحسین پیش کیا۔