بھارت کے مشہور اداکار الو ارجن نے حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعے کے ایک شدید زخمی بچے سے اسپتال میں ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ تاہم، حیدرآباد پولیس نے اداکار کو ملاقات کو خفیہ رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ دوبارہ عوامی انتشار سے بچا جا سکے۔
عدالت نے الو ارجن کو متاثرہ بچے کے علاج جاری رہنے کے دوران اسپتال کے اندر اور باہر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہدایت کی ہے کہ ان کی ملاقات کو عوامی نہ بنایا جائے۔
رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن نے اداکار کو نوٹس بھیجا جس میں کہا گیا کہ ان کی ملاقات کے انتظامات مکمل ہیں، لیکن آخری لمحے پر اداکار کے منیجر نے اطلاع دی کہ الو ارجن اسپتال نہیں آئیں گے۔
نوٹس میں یہ بھی لکھا گیا کہ پولیس متاثرہ بچے سے ملاقات کے لیے کسی بھی وقت تیار ہے، لیکن ملاقات کو خفیہ رکھا جانا ضروری ہے۔
پشپا 2 کی ریلیز کے موقع پر سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے دوران ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں اور ان کا آٹھ سالہ بیٹا شدید زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد الو ارجن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور ان پر ہجوم کو بھڑکانے کے الزامات لگائے گئے۔