کراچی:
شہرمیں درجہ حرارت گزشتہ روزکے مقابلے میں ایک ڈگری کمی سے سنگل ڈیجیٹ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تاہم جناح ٹرمینل پرکم سےکم پارہ 6.2 ڈگری رہا اور رواں موسم سرما کی سرد ترین رات رہی اور مزید 3 روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں کے سبب منگل کوشہرمیں سردی کی لہرمیں مزید اضافہ ہوا، معتدل رفتارکی ہوائیں چلنے کے باوجود صبح کے وقت سردی محسوس کی گئی اور سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 ڈگری زیادہ محسوس ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہرکے سرکاری ڈیٹا کے حامل ویدراسٹیشن پرکم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا، جناح ٹرمینل پرنصب ویدراسٹیشن پردرجہ حرارت مذید کمی سے 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
شہرمیں نصب دیگرویدراسٹیشنزگلستان جوہرپر7.5 ڈگری، ماڑی پور10 ڈگری، بن قاسم ویدراسٹیشن پرکم سے کم درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا۔
دیہی سندھ کے علاقوں مٹھی میں کم سے کم پارہ صفر، موہنجودڑو میں 1.5 ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکے مطابق آئندہ 3روزکے دوران شہرکا موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے اوراس دوران شہرمیں مشرقی اورشمال مشرقی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں، صوبے کے بالائی اوروسطی اضلاع میں صبح کے وقت دھند چھا سکتی ہے۔