خالصتان رہنما گورپتونت سنگھ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کے سیکورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
سکھوں کی تنظیم “سکھس فار جسٹس ” کے جنرل کونسلر، گورپتونت سنگھ پنوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط میں لکھا کہ پاکستان کا سیکورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن منتخب ہونا اہم کامیابی ہے۔
خالصتان رہنما نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی امن، انصاف اور یو این چارٹر کے اصولوں کے لیے پختہ لگن کی عکاسی کرتی ہے۔
گورپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی بین الاقوامی سیاست میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اس کی سیکیورٹی اور عالمی سطح پر تعاون کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
گورپتونت سنگھ نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ کا حالیہ بیان جس میں آپ نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید کی، بروقت اور قابل ستائش ہے” پاکستان کا کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حق میں موقف سکھوں کی خالصتان کے لیے جمہوری جدوجہد کی حمایت کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔
سکھ رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی تائید عالمی برادری کو یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ مظلوم اقوام کی آزادی اور انصاف کے لئے جدوجہد کی اخلاقی اور قانونی اہمیت کو تسلیم کیا جائے۔
گورپتونت سنگھ نے کہا کہ سکھوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی حمایت پر بھی غور کریں۔ پاکستان کی قیادت سلامتی کونسل میں اہم قراردادوں کی منظوری کے لیے ممکنہ راہیں ہموار کر سکتی ہے۔
گورپتونت سنگھ نے خط اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آزادی پسند تنظیم ” سکھس فار جسٹس” پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت میں بہتری اور اس کے عالمی مسائل پر اثر انداز ہونے کی اہمیت کو سمجھتی ہے۔