4

آسٹریلوی وزیراعظم کی تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرکت

فوٹو : پی سی بی

فوٹو : پی سی بی

سڈنی:آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں قومی ٹیم نے شرکت کی۔

تقریب میں دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام بھی موجود تھے۔

آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اس دورے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے خاص کر میلبرن ٹیسٹ میں۔ انہوں نے اس دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مثالی رویے کی بھی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں پاکستان ٹیم کو مدعو کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں دونوں ٹیمیں مثبت کرکٹ کھیل رہی ہیں۔

شان مسعود نے کہا کہ اس طرح کے دورے ہمیں نہ صرف کھیل بلکہ اپنے طرز عمل کے ذریعے ملک کے سفیر کا کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بدھ کے روز سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں