1

آصف علی زرداری صدر بننے پر پہلے وزیراعظم کو تھپکی پھردھکا دینگے، فیصل واوڈا

لاہور:سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شریک چیئرمین آصف علی زرداری صدر بننے پر وزیراعظم کو تھپکی پھردھکا دیں گے، ن لیگ کے اقتدارپر آخری ٹھپہ زرداری لگائیں گے۔

فیصل واوڈا نے مختلف نجی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت بننے جارہے ہیں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم آصف علی زرداری کوووٹ دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری صدر بننے پر پہلے وزیر اعظم کو تھپکی لگائیں گے، پھر دھکا دے کر کھینچ لیں لگے، آخر کار یہ ان کو دھکا دے دیں گے۔

’’آصف علی زرداری ن لیگ کے اقتدار پر آخری ٹھپہ لگائیں گے‘‘

سابق وزیر نے کہا کہ آصف علی زرداری ن لیگ کے اقتدار پر آخری ٹھپہ لگائیں گے، آپ پیپلز پارٹی کو کبھی مائنس نہیں کر سکیں گے، پیپلزپارٹی بجٹ کے موقع پر پنجاب میں بھی حصہ لے گی، ڈوریں اپنے پاس رکھتے ہوئے آئی ایم ایف سے گفتگو کے دوران کچھ اور بھی لے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی حکومت آئی جمہوریت کے ٹھیکے دار، پہرے دار، وفادار، چوکیداروں کو جمہوریت جمہوریت کھیلنے کا شوق ہوا، نگران حکومت کے دوران ڈالر، پیٹرول کنٹرول میں تھا، قیمتیں کنٹرول میں تھیں، اسمگلنگ آرمی چیف نے روکی ہوئی تھی، جس کا ان کو کریڈٹ جاتا ہے۔

سابق وزیر نے کہا کہ کاروباری لوگ 22سے 24فیصد سود پر بھی چاہ رہے تھے ہم کاروبار کرینگے، جیسے ہی جمہوریت کے ٹھیکدار آئے، 11روپے پیٹرول بڑھ گیا، قیمتیں بڑھ گئیں، کھانے پینے کی اشیاکی قیمتیں 10 دنوں میں دگنی ہوجائیں گی، ملک کا بھٹہ بیٹھنے جا رہا ہے۔

’’عالمی فورم اور عوام آرمی چیف پر بھروسہ کرتے ہیں‘‘

فیصل واوڈا نے کہا کہ دوسری بات آئی ایم ایف کا اسٹرکچر پلان تاحال میز پر موجود نہیں، 24 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے ہیں، حکومت کو فکر نہیں، ان قرضوں کی ری شیڈولنگ کی جب بات ہوگی تو ان شکلوں کوکوئی پیسے نہیں ملیں گے بلکہ آرمی چیف کو ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی فورم اور عوام آرمی چیف پر بھروسہ کرتے ہیں کہ ایماندار اور نیک نیت آدمی ہیں،غریب آدمی کو کچھ نہیں ملے گا اور فارم 45اور 47کا کچھ نہیں ہوگا، گوادر میں تباہی آگئی، وہاں کسی ڈرامہ اسٹار کی شکل نظر نہیں آرہی جن کو آپ ہر بار ہر بات کا ذمہ دار بناتے ہیں وہی فوج آج وہاں پر اقدامات کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ فوج پر تنقید کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریں، حکومت نے بندر بانٹ تو کرلی لیکن عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، 9مئی کیسز میں طوفانی تیزی آنے والی ہے، کسی سے ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ملنے والی ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کی پریشانی کا دور شروع ہو گیا۔

’’آرمی ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت پڑی تو کر دی جائے گی‘‘

سابق وزیر نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت پڑی تو کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ڈبل نہیں ٹرپل ایجنٹ بیٹھے ہیں، میری سابقہ پارٹی کہتی ہے ہم چھین کے لیں گے آزادی، یہ ملک تو قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، آپ مذاق کررہے ہیں اس ملک کے ساتھ، آپ پہلے آزاد ہوں پھر آزادی کی بات کریں، مریم نواز قابل احترام ہیں، وہ میری بہن کی جگہ ہیں، وہ رمضان المبارک میں راشن پیکج دے رہی ہیں، اچھی بات ہے، ایسے اقدامات ہونے چاہیے،لیکن اس پیکج پر اپنے والد کی تصویر کیوں، کیا وہ قائد اعظم ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں