1

ایم کیو ایم سمیت اتحادی جماعتوں نے صدر کیلیے آصف زداری کے نام کی توثیق کردی

 اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں نے صدر کے انتخاب کیلیے آصف زرداری کے نام کی توثیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان کے انتخاب کیلیے اتحادی جماعتوں کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔

عشائیے میں صدر کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اور اُن کی جماعت کے اراکین شامل ہوئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفٰی کمال اور عبدالحفیظ شیخ نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عوان چوہدری اور دیگر بھی شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار،  سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور دیگر لیگی ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ شریک ہوئے۔ جن میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔

عشائیے میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور سینیٹر رضا ربانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر مصطفی شاہ بھی شریک ہوئے۔ عشائیہ کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ارکان کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔

عشائیے میں وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری کو صدارت کے عہدے کے لئے ایک بار پھر نامزد کیا جس کی تمام شریک اتحادی جماعتوں نے توثیق کردی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں