11

زرتاج گل گرفتاری سے بچنے کیلئے صبح سے پشاور ہائیکورٹ میں موجود

پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے زرتاج گل ضمانت ملنے کے باوجود گرفتاری سے بچنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں موجود ہیں۔

سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری پشاور ہائیکورٹ کے باہر موجود ہے۔ وہ 9 مئی کے بعد پہلی بار منظر عام پر آئی ہیں۔

زرتاج گل اور پی ٹی کی رہنما ایمان طاہر نے آج راہداری ضمانت کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔ ایمان طاہر کو پولیس نے عدالت سے باہر نکلتے ہی گرفتار کرلیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران زرتاج گل آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا بھائی بم دھماکے میں شہید ہوا، میں شہید کی بہن ہوں، کیسے شہداء کی بے حرمتی کرسکتی ہوں؟۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما ایمان طاہر پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار

زرتاج گل نے کہا کہ ہم کسی ادارے کے خلاف نہیں، ن لیگ کی اداروں سے لڑانے کی کوشش ناکام ہوگئی، سیاست میرا حق ہے، سیاست صرف سرمایہ داروں کا حق نہیں، ہمارا نشان بانی چیئرمین کا ہے، ووٹ بانی چیئرمین کا ہے، بلے کے نشان پر سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔

زرتاج گل نے کہا کہ 9 مئی کی مذمت چاہتے ہیں تو میں معافی مانگتی ہوں، پاک فوج ہماری ہے، پورا ملک ہمارا ہے ہم پاکستان کے شہری ہیں، میرا قصور یہ یے کہ میں الیکشن لڑنا چاہتی ہوں۔

زرتاج گل نے کہا  انصاف لینے پشاور ہائیکورٹ آئی ہوں، صبح 8 بجے سے ہائیکورٹ میں ضمانت کے لیے موجود ہیں، مجھے گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی نفری ہائیکورٹ کے باہر موجود ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں