1

راولپنڈی میں تیل پائپ لائن دھماکے سے پھٹنے کے بعد آگ لگ گئی

ایک گھر کے زیرزمین گزرنے والی پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کی کوشش کے دوران دھماکا ہونے کا شبہ

ایک گھر کے زیرزمین گزرنے والی پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کی کوشش کے دوران دھماکا ہونے کا شبہ

 راولپنڈی:دھمیال کے علاقے میں جوڑیاں کے قریب آئل ریفائنری کمپنی کی سپلائی پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں پیش آئے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ متعدد فائر ٹینڈرز، ایمرجنسی گاڑیاں اور اہلکار آگ بجھانے اور امدادی آپریشن میں مصروف ہیں۔ راولپنڈی پولیس کے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے سے آئل لائن اور ایک گھر کو آگ لگی ہے۔

ایس ایچ او صدر بیرونی جمال نواز نے بتایا کہ آگ اور دھماکے کے نتیجے میں دو گھر بھی متاثر ہوئے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی کوئی زخمی ہے۔ ملحقہ مقام سے گیس پائپ لائن و آئل کی پائپ لائن بھی گزر رہی ہے۔ آگ پر مکمل قابو پانے کےبعد ہی تعین ہوسکے گا کہ آگ یا دھماکے کی وجہ کیا تھی۔

پائپ لائن گھروں کے سامنے سے زیر زمین گزر رہی ہے۔ دھماکے و آتشزدگی سے دو گھروں کے فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔

اہل محلہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے کے ایک گھر میں ایک ہفتہ قبل پنجاب سے کرائے دار آکر آباد ہوئے تھے۔ صبح اٹھ کر دیکھا تو گلی میں اور عقبی جانب سیاہی مائل مائع پھیلا ہوا تھا۔ ہم سمجھے کہ گٹر کا پانی ہے ابھی سمجھ بھی نہ پائے تھے کہ متاثرہ گھر کے سامنے دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

مذکورہ گھر میں رہائش پذیر افراد راتوں رات گھر چھوڑ کر غائب ہوگئے ۔ شبہ ہے کہ گھر میں موجود کرائے داروں نے آئل پائپ لائن کو توڑ کر تیل چوری کرنے کی کوشش کی تھی۔

اے ایس پی صدر زینب ایوب نے بتایا کہ گھر کے کرائے دار کی جانب سے پائپ لائن میں سوراخ کرنے سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں