19

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت کم، اوپن مارکیٹ میں قدر معمولی بڑھ گئی

  کراچی: انٹربینک میں مسلسل پانچویں روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر چار پیسے بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پانچویں یعنی جمعے کے روز انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی، ایک موقع پر ڈالر کی قدر 50 پیسے کی کمی سے 281روپے 43پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

رسد میں بہتری آنے اور کثیر القومی کمپنیوں کی خریداری میں دلچسپی کے باعث ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا جس کے بعد انٹربینک میں اختتام پر ڈالر کے  7پیسے کی کمی سے 281روپے 86پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں عمرہ زائرین اور تعلیمی ضروریات کے لیے ڈیمانڈ میں قدرے اضافے سے ڈالر کی قدر 4پیسے بڑھ کر 282روپے 72پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مثبت معاشی توقعات اور حکومت کی بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کو متوازن بنانے موثر حکمت عملی انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپے کو بتدریج تگڑا کرنے میں کاگر ثابت ہورہی ہے، حکومت کی جانب سے ورکرز ریمیٹنسز اور برآمدی آمدنی کے تناسب سے درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کی حکمت عملی کے نتیجے میں ناصرف بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کا توازن قابو میں ہے بلکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی گھٹ رہا ہے جبکہ مارکیٹ میں سپلائی معمول کے مطابق ہونے کے باوجود ڈیمانڈ نہیں ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں