فلوریڈا: امریکا میں منعقد ہونے والی داڑھی مونچھ کی قومی چیمپیئن شپ میں شریک افراد نے تین گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقد ہونے والے اس سالانہ مقابلے کے شرکاء نے داڑھی، مونچھ اور جزوی داڑھی کی طویل کڑی بنا کر تین ریکارڈ اپنے نام کیے۔
ان افراد نے سب سے پہلے داڑھی کی طویل چین کے ریکارڈ کی کوشش کی۔ 86 افراد نے ایک دوسرے کے برابر میں کھڑے ہو کر داڑھیوں کو ایک ساتھ جوڑا اور 195 فٹ اور 3 انچ لمبی کڑی بنائی۔
اس سے قبل گزشتہ چیمپیئن شپ میں 150 فٹ طویل چین کا ریکارڈ بنایا گیا تھا۔
اس کے بعد منتظمین نے مونچھوں کی طویل چین کا ریکارڈ بنایا جس کے لیے 27 شرکاء نے مل کر 20 فٹ اور 4 انچ لمبی کڑی بنائی۔
آخر میں شرکاء نے جزوی داڑھی کی چین بنانے کا ریکارڈ قائم کیا جس میں 24 شرکاء 42 فٹ اور 8 انچ طویل چین بنائی۔