اسلام آباد:
پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جاری ہے، تحریک انصاف نے عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی رہائی، نو مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبات پیش کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کا وفد مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا، عمر ایوب، علامہ راجہ ناصرعباس، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا وفد میں شامل ہیں کچھ دیر بعد علی امین گنڈاپور بھی پہنچ گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق مذاکراتی کمیٹی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، دیگر شرکا میں اسحاق ڈار، علیم خان، فاروق ستار، عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، عرفان صدیقی، فاروق ستار، اعجاز الحق، خالد مگسی شریک ہیں۔
تحریک انصاف نے مذاکراتی کمیٹی کے سامنے دو مطالبات پیش کردیے اول یہ کہ 9 مئی اور 26 نومبر دھرنے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور دوم یہ کہ عمران خان سمیت تمام قید پارٹی کارکنان کو رہا کیا جائے۔
مذاکرات کا پراسس طویل ہوتا ہے دو ملاقاتوں میں کچھ نہیں ہوتا، اسد قیصر
قبل ازیں اسد قیصر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مذاکرات کا پراسس طویل ہوتا ہے دو ملاقاتوں میں کچھ نہیں ہوتا، ہم حکومت کی سنیں گے اور اپنی بات بھی کریں گے۔
صحافی نے پوچھا کہ کیا آج بانی چیئرمین کا پیغام بھی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کا ایک ہی پیغام ہے کہ ہمارے دو مطالبات ہیں جنہیں تسلیم کیا جائے۔
مذاکرات سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کی ایاز صادق سے ملاقات
مذاکرات سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔
اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں میٹنگ، سلمان اکرم نے عمران خان کا پیغام پہنچایا
قبل ازیں پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں میٹنگ کی جس میں سلمان اکرم راجا نے رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کا احوال بتایا۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام کمیٹی ممبران تک پہنچایا اور کہا کہ حکومت کے سامنے دو مطالبات سامنے رکھے جائیں، نو مئی 26 نومبر واقعات کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے۔
مذاکرات یہیں ہورہے ہیں، عمر ایوب کا اصلی مذاکرات کے سوال پر جواب
صحافی نے عمر ایوب سے پوچھا کہ کیا اپنے مطالبات تحریری طورپر دے رہے ہیں؟ اس پر عمر ایوب نے کہا کہ مشاورت کرکے بتادیں گے۔ صحافی نے پھر پوچھا کہ کیا اصلی مذاکرات کہیں اور ہورہے ہیں اس پر عمر ایوب نے کہا کہ ہم تو اس ایوان کے ارکان ہیں ہم تو یہیں مذاکرات کررہے ہیں۔