اسلام آباد: یورپ کی جانب سے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ نہ ہوسکا، یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی ریویو بورڈ نے معاملہ ٹی سی او بورڈ کو بھجوا دیا۔
ذرائع کے مطابق 13مئی کو ہونے والے یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی ( ایاسا ) ریویو بورڈ کے اجلاس کے بعد پاکستان کا نام ممنوعہ فہرست سے نکال دیا گیا تھا تاہم سول ایوی ایویشن اور پی آئی اے سمیت دیگر آپریٹرز پرعائد پابندیوں پرحتمی فیصلے کیلیے معاملہ تھرڈ کنٹری آپریٹر ٹی سی او بورڈ کو بھجوا دیا جس کے پیش نظر پی آئی اے کو ٹی سی او لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹی سی او بورڈ کا اجلاس آئندہ ہفتے کو ہوگا، ٹی سی او بورڈ اجلاس میں پی آئی اے پر سے پابندی اٹھانے یا نہ اٹھانے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن حکام ٹی سی او بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس ضمن میں یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے سول ایوی ایشن کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
وزارت ہوابازی ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا نام نہ ٹی سی او لسٹ میں موجود اور نہ پابندیوں والی فہرست میں شامل ہے، معاملہ ٹی سی او بورڈ بھجنے پر پاکستان کا نام سفری پابندی والی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔
وزارت ہوابازی ذرائع کے مطابق پابندی اٹھ جانے کی خبریں قبل از وقت ہیں، حتمی فیصلہ اگلے ہفتے میں متوقع ہے۔