اوٹاوا: کینیڈا کی ایک عدالت نے یونیورسٹی کی جانب سے حکم امتناعی کی درخواست منظور کرتے ہوئے فلسطین کے حامی مظاہرین کو حکم دیا کہ وہ بدھ کی شام تک ٹورنٹو یونیورسٹی میں بنائے گئے احتجاجی کیمپ چھوڑ دیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ احتجاجی کیمپ طلبا نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے خلاف لگائے تھے۔ پولیس نے طلبا کو احتجاج ختم کرنے کے لیے ڈرایا دھمکایا بھی تھا۔
پولیس کے فلسطینی حامیوں پر تشدد کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے کے لیے یونی ورسٹی نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
عدالت میں یونی ورسٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ طلبا کے احتجاجی کیمپ سے تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں میں خلل پڑ رہا ہے۔ طلبا یہ کیمپ یونی ورسٹی کے احاطے سے ہٹا کر کہیں اور لگالیں۔
جس پر عدالت نے حکم دیا کہ طلبا بدھ کی شام تک کیمپ ہٹالیں ورنہ پولیس کارروائی کا حق رکھتی ہے۔
اس عدالتی فیصلے کے بعد اب پولیس کو حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کو گرفتار اور ملک بدر کرنے کا اختیار مل گیا۔
دوسری جانب طلبا کا کہنا تھا کہ فیصلے پر انھیں حیرانی اور مایوسی ہوئی ہے لیکن وہ اس دباؤ کے باوجود احتجاج جاری رکھیں گے۔