پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار نعمان اعجاز نے ڈھکے چُھپے الفاظ میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کردی۔
نعمان اعجاز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی سیلفی پوسٹ کی جس میں وہ مُسکرا رہے تھے، اداکار نے اپنی تصویر کے ساتھ ایک مبہم کیپشن بھی لکھا۔
اداکار نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آئیے! ایسے احمقوں کو مشہور کرنا چھوڑ دیں جنہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ کسی سے اختلاف کرنا قابلِ قبول ہے لیکن کسی کی بےعزتی کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
مزید پڑھیں: نعمان اعجاز کا خلیل الرحمٰن قمر کے نفرت انگیز بیان پر ردعمل
اُنہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے پاس اختلاف کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں ہوتی اور وہ بس اونچی آواز میں بول کر جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
نعمان اعجاز نے مزید کہا کہ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ! ایسے لوگوں کو ہدایت دے، آمین۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں خلیل الرحمٰن قمر کا نام نہیں لیا لیکن اُن کی یہ پوسٹ ڈرامہ نگار کے حالیہ انٹرویو کے بعد ہی سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں خلیل الرحمٰن قمر نے کہا تھا کہ نعمان اعجاز ایک گھٹیا آدمی ہیں، پوری دنیا میں صرف نعمان اعجاز ہیں جن سے اُنہیں نفرت ہے باقی لوگوں پر غصہ آتا ہے لیکن نفرت کسی سے نہیں ہے۔