کراچی: محکمہ موسمیات نے کل شام تک سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے اور کل شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد گرمی میں کمی آئے گی۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے ایکسپریس کو بتایا کہ کراچی میں آج شدید گرمی پڑ رہی ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچا ہوا ہے اور اس کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب دن بھر 50 فیصد تک صبح سے چل رہا ہے اور یوں درجہ حرارت نمی کا تناسب ملا کر ہیٹ انڈیکس 56 ڈگری بن جاتا ہے اور یہ صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے موسم سے براہ راست دھوپ میں کام کرنے یا زیادہ دیر تک دھوپ رہنے والے شہریوں کو موسمی پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اس لیے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی کے جنوب اور جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباو موجود ہے اور اس کی وجہ سے سمندری ہوائیں بالکل بند ہیں جبکہ شمال مشرق سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے گزشتہ روز اور آج بھی بہت گرمی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 جولائی (کل) کو شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے اور کل شام سے موسم میں بہتری آئے گی۔