29

اسرائیل 7 اکتوبر اور یرغمالیوں کے نام پر فلسطین، لبنان اور مصر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، بلاول

  اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر اور یرغمالیوں کے نام پر اسرائیل فلسطین، لبنان اور مصر میں قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کا شکر گزار ہوں، آل پارٹیز کانفرنس بلائی، جہاں فلسطین کا مسئلہ ہوگا ہر پاکستانی ایک پیج پر ہے، پاکستان میں مسائل ضرور ہیں مگر مسئلہ فلسطین کے لیے پوری قوم ایک پیج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ بین الاقوامی قوتوں کو غلط فہمی ہے کہ پاکستان اور سیاستدان ایک پیج پر نہیں ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر ساری قوم اور جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ہم اپنی فلسطینی بہنوں اور بچوں کو نہیں بھولے اور اُن کو حق ملنے تک آواز اٹھاتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم فلسطین کے معاملے پر ایک کمیٹی بنائیں اور اُس کے ممبران کو فلسطین کا اعزازی سفیر نامزد کریں تاکہ اراکین عالمی پلیٹ فارم اور دنیا بھر میں جاکر فلسطین کے حق میں آواز اٹھائیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے تجویز دی کہ آل پارٹیز کانفرنس کی ایک بھرپور قرارداد بھی سامنے لائی جائے اور اُسے عالمی دنیا کے سامنے رکھا جائے۔

مزید پڑھیں: فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس، اسرائیل کیخلاف اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا مطالبہ

پی پی چیئرمین نے کہا کہ 7 اکتوبر کو ایسے پیش کیا جاتا ہے جیسے ایک دن پہلے تک سکون تھا اور تاثر دیا جاتا ہے کہ ایک دن فلسطینیوں نے کھڑے ہوکر حملہ کردیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اُن کی چار چار نسلیں ختم ہوچکی ہیں، ساری دنیا ایک طرف اور فلسطینی ایک طرف تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مغویوں کو بڑے مسئلے کے طور پر بیان کیا، ہم بھی چاہتے ہیں کہ دنیا میں کوئی مغوی نہیں ہو، اکتوبر 7 کے بعد جنہیں یرغمال بنایا ہوا ہے انہیں بھی آزاد کرنا چاہیے۔ اسرائیل کی جیلوں میں بچے، بوڑھے اور خواتین ہیں، انہیں بھی رہا ہونا چاہیے۔

بلاول نے کہا کہ اگر اسرائیل کے ظلم کے پیچھے اُن کی خواہش مغویوں کی آزادی ہے تو میں سوال کرتا ہوں کہ اس بربریت کے بعد اسرائیل نے کتنے مغویوں کو رہا کروایا؟ اگر اس جنگ کیوجہ وہ مغوی ہیں تو پھر ہمیں بتایا جائے کہ اسرائیلی بربریت سے کتنے آزاد ہوئے اور اسرائیل کی کارروائیوں میں مارے گئے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ  کتنے مغوی لبنان، یمن اور دیگرممالک میں موجود ہیں، اسرائیل مغویوں کے نام پر مگرمچھ پر آنسو بہارہا ہے، 7 اکتوبر اور مغوی صرف بہانہ ہے، اس کے پیچھے اسرائیل فلسطین، لبنان اور مصر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی ممالک کے پاس ایک قوت موجود ہے اسرائیل کیخلاف استعمال آج نہیں تو کب کرینگے؟ نواز شریف

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلم امہ میں اور بین الاقوامی سطح پر صیہونی ایجنڈے کو بے نقاب کیا اور دنیا بھر میں اس سازش کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اکثر دنیا کو مسلم اور غیر مسلم ممالک کے طور پر دیکھتے ہیں، امریکا اور برطانیہ کی پالیسی جو بھی ہو اُن کے عوام بھی فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، اسپین، جنوبی افریقا سمیت اُن غیر مسلم ممالک کو سلام جو نسل کشی کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں۔

 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں