63

لبنان؛ اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 3 صحافی شہید

 

لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں صحافت سے وابستہ 3 افراد شہید ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق المیادین ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں صحافیوں کی رہائش گاہ پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے تین صحافیوں میں دو ان کے ادارے میں ملازم تھے۔

شہید ہونے والے صحافیوں کی شناخت المیادین ٹی وی کے کیمرہ آپریٹر غسان نجار اور براڈکاسٹ ٹیکنیشن محمد ردا کے طور پر ہوئی جب کہ حزب اللہ کے المنار ٹی وی کے کیمرہ آپریٹر وسام قاسم بھی شہید ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عمارت ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے جس میں ایک کار دبی ہوئی جس پر پریس لکھا ہوا ہے۔

صحافیوں کی تنظیم نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت پر فضائی حملے سے قبل کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔

لبنان کے وزیر اطلاعات زیاد ماکاری کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے 3 صحافیوں کا قتل جنگی جرم ہے۔ حملے کی جگہ پر 18 صحافی موجود تھے جو 7 میڈیا اداروں سے وابستہ تھے۔ 

 

اسرائیل کی جانب سے صحافیوں کی ہلاکت پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں