4

روہت شرما ٹیسٹ ٹیم سے باہر؛ اگلے میچ کے کپتان کا فیصلہ بھی ہوگیا؛ بھارتی میڈیا

بھارتی ٹیم میں کپتان اور کوچ کے درمیان اختلافات اور تکرار کی افواہوں کے بعد بالآخر سڈنی ٹیسٹ کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی۔

بھارتی کے مطابق ٹیم کے کوچ گوتم گھمبیر نے مسلسل بری کارکردگی کے باعث کپتان روہت شرما کو آسٹریلیا کے ساتھ اگلے میچ میں ٹیسٹ ٹیم سے باہر کردیا۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اگلے ٹیسٹ میچ کے لیے روہت شرما کو آرام کرنے کا موقع دینے کے فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق روہت شرما کی جگہ جمعے کو ہونے والے ٹیسٹ میچ کی قیادت جسپرت بمرا کریں گے جب کہ ٹیم میں کے ایل راہول اور جیسوال کی شمولیت بھی مشکوک ہے۔

فاسٹ باؤلر آکاش دیپ بھی انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔ سڈنی ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں ایک پراسدھ کرشنا کے ڈیبو کا امکان ہے۔

تاہم آسٹریلیا کے خلاف کل سے شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے بھارتی کپتان اور ٹیم کے اعلان سے متعلق کرکٹ بورڈ یا ٹیم منیجمنٹ نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ 

گزشتہ روز جب کوچ گوتھم گھمبیر سے روہت شرما کی پریس کانفرنس سے غیر حاضری اور اگلے میچ میں ٹیم میں شمولیت سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے جواب دینے سے گریز کیا تھا۔

روہت شرما اپنے بچے کی پیدائش کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ کپتان نے ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ سے جوائن کیا تھا۔

تاہم دو ٹیسٹ میچوں میں شکست اور پھر شبھمن گل کو ڈراپ کرنے کے معاملے پر منیجمنٹ سے اختلافات اور بیٹنگ آڈرد میں ردوبدل سے چیزیں مزید خراب ہوتی چلی گئیں۔

جس کے بعد روہت شرما پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے لیے بھی دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کو 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے سبقت حاصل ہے جب کہ کل آخری ٹیسٹ میں بھارت کو سیریز ہارنے کی ہزیمت سے بچنے کے لیے آخری موقع ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں