7

روحانی دوست : علم الاعداد کی روشنی میں نیا سال ، دوسرا حصہ

 صائم المصطفے صائم 
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

 اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1 کا عدد موجود ہے تو ستمبر میں آپ اپنے شعبے میں نمایاں ہونے والے ہیں۔ بڑی فتح آپ کے ماتھے پر چمک رہی ہے اور دنیا آپ کو لیڈر ماننے کے لیے مجبور ہوجائے گی۔

2025کا سال اور 6 کا عدد
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 6،15 یا 24 ہے تو یہ سال آپ کے لیے خوشیوں راحتوں اور خوش حالی کا ہے۔

 6کا عدد زہرہ سیارے سے منسوب ہے، دن جمعہ ہے، 6 کا عدد خوشی، راحت، شادی، خوش حالی اور سکون سے منسلک ہے۔ جنوری اور اکتوبر میں اچانک اور غیرمتوقع خوشیاں مل سکتی ہیں۔ ایسا حصول جو عقل کے دم پر نہیں خوش بختی کے گھوڑے پر سوار ہوکے آتا ہے۔ گمان سے ماوراء کام یابی ہوسکتی ہے۔

کچھ چیزیں، کوئی جگہ یا کوئی شخص آپ کی زندگی سے دور ہوسکتا ہے۔ فروری اور نومبر میں امورِزندگی میں رکاوٹوں اور تعطل کا سامنا ہوسکتا ہے، لیکن یہ مسائل یہ الجھنیں اتنی سخت نہیں ہیں کہ کوئی بڑی خرابی ہو، مکان کی تزئین و آرائش ہوسکتی ہے۔ مارچ اور دسمبر کے مہینے آپ کو زندگی میں کام یابیوں کے لیے ضروری سامان اور روحانی قوت حاصل ہوسکتی ہے۔ آپ خود کو مکمل اور توانائی سے بھرپور محسوس کریں گے روحانی سفر ہوسکتا ہے۔

اپریل کے مہینے میں ایک نیا باب کھل سکتا ہے۔ ممکن آپ نیا کام شروع کریں اور حالات آپ کو زندگی کی نئی راہوں سے گزار کے منزل کی سمت لے چلیں۔ یہ ایک اچھا مہینہ ہوسکتا ہے۔ مئی میں مادی یعنی مالی کام یابیاں مل سکتی ہیں۔ ماں کی دعا دنیاوی راحتوں کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔ گھر کی جانب توجہ ہوسکتی ہے۔ گھر سے منسلک کوئی چیز لے سکتے ہیں۔ جون کے مہینے میں آپ کے کاروبار میں ترقی کے واضح امکانات ہیں۔ کاروبار دنیاوی بھی ہوسکتا ہے اور علمی یا روحانی بھی ہوسکتا ہے۔ یعنی آپ جس بھی شعبے سے وابستہ ہیں پھلتے پھولتے نظر آتے ہیں۔

جولائی میں اچانک اور غیرمتوقع حالات پیش آسکتے ہیں۔ اتارچڑھائو سے سامنا ہوسکتا ہے۔ یہ مہینہ کچھ نقصان اور کچھ فائدہ دے سکتا ہے لیکن جو بھی ہوگا غیرمتوقع ہوگا۔ اگست میں سفر ہوسکتا ہے۔ کچھ نیا سیکھنے کو مل سکتا ہے۔ گھر یا مکان کا حصول ہوسکتا ہے۔ یہ حصول عارضی یا مستقل ہوسکتا ہے۔ اس کا دارومدار آپ کی تاریخ پیدائش میں موجود دیگر اعداد پر ہے۔

ستمبر میں آپ اس سال کی حقیقی اور سچی خوشیاں حاصل کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ مہینہ آپ کو کئی سال تروتازہ رکھے گا بڑی خوشیاں اور کام یابیاں مل سکتی ہیں۔

2025کا سال اور 7 کا عدد
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 7،16 یا 25 ہے تو یہ سال آپ کے لیے آپ کی خودشناسی کا ہے۔
7 کا عدد نیپچون اور قدیم ہندی نجوم میں کیتو کا عدد ہے۔ اسے پراسرار یعنی رازوں سے بھرا ہوا کہا جاتا ہے۔ اس کا سب سے بڑا کام یہ ہے کہ ’’دوری‘‘ لانا ہے یا تو آپ دنیا سے دور ہوجائیں گے یا ہجرت کریں گے یا ایسا شعبہ جس کا کام ’’دور‘‘ کرنا ہے، الگ کرنا ہے لیکن اس میں عقل کا کام کم ہی ہوتا ہے، دنیا تیاگنے والا! جنوری اور اکتوبر کچھ مشکل ہوسکتے ہیں۔ آپ کے کام میں رکاوٹ آسکتی ہے۔ بعض اوقات یہ رکاوٹ ہماری راہوں کو تبدیل کرنے کے لیے آتی ہے۔

یہ اہم وقت ہے صبر کرین اور جو راہ سامنے آئے اسی پر چلیں، یہی بہتر ہے۔ کچھ معاملات مزاج سے ہٹ کے ہونے والے ہیں۔ فروری اور نومبر میں قوت اور توانائی کاموں کی تکمیل میں مددگار ہوسکتی ہیں۔ کوشش کریں کہ اس ماہ غصے اور جارحانہ مزاج سے بچیں ورنہ کوئی چوٹ لگ سکتی ہے۔ مارچ اور دسمبر کے مہینے میں نام، عزت اور شہرت مل سکتی ہے۔ نئی ہمت سے امورِ زندگی انجام دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ہوسکتا ہے آپ کی پذیرائی ملکی یا عالمی سطح پر ہو۔ اپریل کے مہینے میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ گھر اور والدہ سے سکون ملے گا۔

ان سے منسلک خوشیاں مل سکتی ہیں۔ مزاج میں مسلسل تبدیلیاں ہوتی رہیں گی۔ یک سوئی درہم برہم ہوسکتی ہے۔ مئی کے مہینے میں آپ نے جو کچھ سیکھ رکھا ہے زندگی میں آگے بڑھنے اور ترقی کے لیے سازگار ہوسکتا ہے۔

سفر ہوسکتا ہے اور اس سفر سے آپ اپنے منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچاسکیں گے۔ جون میں غیرمتوقع خوشیاں مل سکتی ہیں اور کوئی خوشی والی چیز، جگہ، مقام یا رشتہ آپ کی زندگی سے نکل بھی سکتا ہے، ذہنی طور پر تیار رہیں۔ جولائی میں سفر ہوسکتا ہے۔ سواری کا حصول ہوسکتا ہے۔ تعلیم کے حصول کے اسباب میسر ہوسکتے ہیں۔ نیا سیل فون یا نئی کتاب خرید سکیں گے۔ اگست میں کام یابیاں اور آپ کے ارادوں میں آپ کو سرخروئی مل سکتی ہے۔ شادی ہوسکتی ہے۔ منگنی ہوسکتی ہے۔ بڑا مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ آپ نیا لباس پہنتے اور خوشبو لگاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

ستمبر میں آپ بہت سی چیزوں کو، لوگوں کو اور ہوسکتا ہے کسی جگہ کو بھی چھوڑ دیں، کیوںکہ آپ کی نظر میں آپ کے مقاصد اور اہمیت کے زاویے بدل سکتے ہیں۔

2025کا سال اور 8 کا عدد
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 8,17 یا 26 ہے تو یہ سال آپ کے لیے آپ کے لیے مستقل مزاجی اور صبروتحمل کا ہے۔
 8کا عدد انتہائی خوب صورتی اور پائے داری کا عدد ہے۔ اس کا تعلق سیارہ زحل اور دن ہفتے سے ہے۔ 8 کا عدد صبروتحمل، صبر، جہدِمسلسل اور ڈٹے رہنے کا تقاضا کرتا ہے۔ جلدبازی اور پھرتی دکھانے والوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔ یہ خطرناکی بڑے حادثے کی صورت میں آسکتی ہے، جس میں جانی اور مالی نقصان کا اندیشہ نظرانداز نہیں کیا جاسکتا! جنوری اور اکتوبر کے مہینوں میں حکم راں طبقے کے کسی فرد سے تلخ ہونے سے گریز کریں، ایک تحریک اور جرأت پیدا ہوگی۔

یہ ایک امتحان کا وقت ہوسکتا ہے اگرچہ آپ دانا ہیں لیکن حالات کی گھٹن آپ سے جلدبازی نہ کروادے، محتاط رہیں۔ فروری اور نومبر میں نئے راستے ملیں گے اور بزرگوں اور سربراہان کا تعاون حاصل ہوسکتا ہے۔ آپ کو عزت اور پذیرائی ملے گی۔ نیا کام کرنے کے لیے حالات سازگار ہوسکتے ہیں۔ مارچ اور دسمبر میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ گھر سے سکون مل سکتا ہے۔ مادی دنیا میں بہتری ہوگی۔ دل کی تمنا بر آسکتی ہے۔

قریبی رشتوں سے خوشی حاصل ہوگی۔ میل ملاقات بڑھ سکتی ہے۔ اپریل میں کاروبار میں بہتری اور ترقی کے مواقع مل سکتے ہیں۔ یہ سب کچھ کسی سرپرائز کی صورت میں بھی ہوسکتا ہے۔ کسی بزرگ شخص کی دعا لگ سکتی ہے۔ ایمان کی تازگی کے اسباب ہوسکتے ہیں۔ مئی میں جلدبازی کا نتیجہ بڑی خرابی کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔ کسی جھگڑے کا نتیجہ زخم اور کیس ہو سکتا ہے۔ ہوسکتا ہے کسی کی بات ٹھیک سے نہ سمجھ پانے سے خرابی بن جائے بہرحال انتہائی محتاط رہیں۔ جون کے مہینے میں سفر ہوسکتا ہے۔ عدالت جانا آنا پڑسکتا ہے۔

گذشتہ ماہ کا تسلسل جاری رہ سکتا ہے۔ عدالت، تھانہ یا اسپتال کے ساتھ کوئی ربط بن سکتا ہے۔ تیزرفتاری سے پرہیز کریں۔ جولائی میں ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آسکتا ہے، کچھ تھکن اتر سکتی ہے، روحانی اور جسمانی سکون مل سکتا ہے۔ مالی بہتری کی امید ہے۔ رشتہ طے ہوسکتا ہے۔ اگست کے مہینے میں ہجرت ہوسکتی ہے۔ کوئی رشتہ ختم ہوسکتا ہے۔ سیروسیاحت کا ارادہ ہوسکتا ہے۔ مادی چیزوں کی اہمیت کم ہوگی اور دل کے سکون کی تلاش کی آرزو جاگے گی۔

ستمبر میں انتہائی محتاط رہیں۔ گذشتہ ماہ آپ کی ظاہری دنیا پر عدم توجہ کی وجہ سے کچھ مسائل گھیر سکتے ہیں اور یہ مسائل آپ کو مالی یا جسمانی نقصان دے سکتے ہیں، صدقہ دیں اور توجہ ظاہری امور پر بھی دیں زمین سے متعلق کوئی معاملہ اہم ہوسکتا ہے۔

2025کا سال اور9 کا عدد
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 9, 18یا 27 ہے تو یہ سال آپ کے لیے آپ کے لیے تکمیل اور ہمت سے مقاصد کے حصول کا ہے۔
9 کا عدد تمام اعداد کا ہمالہ ہے، سرتاج ہے، تکمیل ہے، روحانیت میں اعلٰی درجے کا ہے۔

اس کا سیارہ مریخ ہے جو بہادری اور تحفظ کا سپاہ سالار ہے۔ دن منگل اور رنگ سرخ ہے۔ 2025 کا عدد بھی 9 ہے، گویا 9 کے عدد کے حامل افراد کی خود سے ملاقات ہے، ان کی تکمیل ہے۔ اپنی ذات سے متعارف ہونے کا وقت ہے 2 کا عدد دو بار متحرک ہے گھر اور والدہ سے دوری ہوسکتی ہے۔ جنوری اور اکتوبر کے مہینوں میں عزت و شہرت ملتی ہوئی نظر آتی ہے۔ آپ ایک روحانی قوت محسوس کرسکیں گے نیا کام کیا جاسکتا ہے۔ حکومتی اداروں سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ فروری اور نومبر کے مہینوں میں مالی طور پر اور رشتوں سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ ماں کے ساتھ تعلق میں جذباتی گرم جوشی بڑھ سکتی ہے۔ رشتوں میں محتاط رہیں۔ جذباتی ہونے سے بچیں معدہ متاثر ہوسکتا ہے۔

مارچ اور دسمبر کے مہینوں میں آسانیاں مل سکتی ہیں۔ آپ کے زندگی کے حقیقی مقاصد کے حصول میں حالات سازگار ہوسکتے ہیں۔ 3،6 اور 9 ایک خاص ترتیب میں آپ کی زندگی کو خوب صورت بنانے والے ہیں۔ اپریل کے مہینے میں اہم اور بڑے سرپرائزنگ فیصلے اور اقدام اٹھانے کا وقت ہے۔ حالات آپ کو زندگی کی اس ڈگر پر لے جانے کے لیے تیار ہیں جس کی آپ کو آرزو تھی۔ 4 کا عدد آپ کے لیے تکلیف دہ ہوسکتا ہے محتاط رہیں۔ مئی کے مہینے میں نئی منصوبہ بندی ہوسکتی ہے۔ آپ کو سفر کرتا دیکھ رہا ہوں یہ سفر ہوائی بھی ہوسکتا ہے۔ نئی سواری یا رابطوں کے آلات لے سکیں گے، لیپ ٹاپ یا سیل فون وغیرہ، ایسے وقت کوئی اہم کتاب مل سکتی یا کسی سے کوئی اہم معاہدہ بھی ہوسکتا ہے۔

جون کے مہینے میں زندگی کی اہم ترین خوشیاں مل سکتی ہیں، بڑا مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ رشتہ طے ہوسکتا ہے۔ خوش حالی آپ کے در پر دستک دے سکتی ہے۔ آپ روحانی سکون محسوس کرسکیں گے۔ جولائی کے مہینے میں آپ خود احتسابی کے عمل سے گزریں گے تنہائی کا شکار ہوسکتے ہیں یا کچھ آپ کی زندگی سے نکل سکتا ہے، وہ رشتہ یا مقام بھی ہوسکتا ہے۔ آپ کی زمینی حقائق پر سنجیدہ نظر نہیں ہے، توجہ دیں۔

اگست میں کچھ مسائل ہوسکتے ہیں۔ اگرچہ آپ کی توانائی کا گراف اتنا بلند ہے کہ ان مسائل کو حل کرنے کی قوت رکھتے ہیں لیکن پھر بھی ذہنی طور پر تیار رہیں۔ مشقت اور سخت محنت سے گزرنا پڑسکتا ہے۔ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ ستمبر میں آپ حقیقتاً وہ سب کچھ پالیں گے جس کی آرزو ایک عرصے سے آپ کے دل میں تھی، گویا آپ کے خوابوں کی تعبیر کہہ سکتے ہیں۔ آپ کی روح اور جسم میں برق ہے جو تمام حالات پر قابو پانے کی چابیاں آپ کو دے رہی ہے!





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں