1

لاہور قلندرز کا پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

فوٹو: پی ایس ایل

فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے آج کے میچ کیلئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، لنڈے اور حارث رؤف کی جگہ محمد عمران اور کارلوس براتھویٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ پشاور زلمی گزشتہ میچ کھیلنے والی ٹیم کو ہی میدان میں اتارے گی۔

لاہور قلندرز کے فاست بولر حارث رؤف کندھے کی تکلیف کے باعث پی ایس ایل کے باقی تمام میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ گزشتہ رات کراچی کنگز کے خلاف کیچ لیتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل9؛ حارث رؤف انجری کے باعث بقیہ میچز سے باہر

پشاور زلمی آج کے میچ میں بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی کیونکہ اُس نے اپنے آخری میچ میں ٹورنامنٹ کی اب تک کی سب سے بہترین ٹیم ملتان سلطانز کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔

لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں ابتک چار میچز کھیل چکی ہے اور چاروں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، گزشتہ میچ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ کی آخری گیند پر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پشاور زلمی ابتک اپنے تین میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو میں اسے ناکامی کا سامنا رہا اور ایک میچ میں کامیابی ملی۔ پشاور زلمی کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ میچز میں شکست ہوئی تھی جبکہ ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں 5 رنز سے کامیابی ملی تھی۔

پشاور زلمی: صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، حسیب اللہ خان، روومین پاول، پال والٹر، آصف علی، لیوک ووڈ، نوین الحق، عارف یعقوب، سلمان ارشاد۔

لاہور قلندرز: فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن بھٹی، کارلوس براتھویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، محمد عمران، زمان خان





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں