کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بوم بوم آفریدی کی عرفیت سے دنیا میں شہرت حاصل کرکے والے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 47 برس کے ہوگئے۔
ون ڈے کرکٹ میں 18سال تک تیز ترین سنچری کا ریکارڈ رکھنے والے شاہد آفریدی کے مداح اپنے فیورٹ اسٹار کے یوم پیدائش پر مسرور ہیں۔
شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1977 کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی علاقہ بعد میں خیبرپختونخوا میں ضم ہوکر ضلع خیبر بن گیا، صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی نے دنیائے کرکٹ میں قدم رکھا اور کیریئر کے شروع میں دنیا بھر میں چھا گئے۔
سابق آل راؤنڈر نے 1996 میں بطور لیگ اسپنر انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اپنے دوسرے ہی میچ میں صرف 37 گیندوں پر سری لنکا کے خلاف تیز ترین سنچری بنا کر دنیا کو حیران اور مخالفین کو پریشان کر دیا تھا۔
دنیائے کرکٹ کے مشہور آل راؤنڈرز میں شمار کیے جانے والے شاہد آفریدی کو ان کے حلقوں میں لالا کہہ کر بھی پکارا جاتا ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے کرکٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 398 ون ڈے انٹرنیشنل، 27 ٹیسٹ اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ اور لیگ اسپن کی بدولت پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سب سے دنیا میں زیادہ چھکوں اور بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، وہ سری لنکا کے سابق کپتان جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار سے زائد رنز اور 300 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
شاہد آفریدی نے بھارت میں کھیلے گئے 2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کی اور قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچایا، بوم بوم کی روایتی حریف ٹیم بھارت کے خلاف کئی یادگار آل راؤنڈ پرفارمنسز مداح کبھی نہیں بھول پائیں گے۔
بوم بوم آفریدی نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پہلے7 ایڈیشنز میں 4 مختلف ٹیموں کے لیے بطور کھلاڑی اور مینٹور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
ایک سروے کے مطابق شاہد آفریدی پاکستان کے سب سے مقبول کھلاڑی ہیں، وہ اپنے کیرئیر کے آغاز سے اب تک اپنی کارکردگی سمیت آن فیلڈ اور آف فیلڈ تنازعات کا بھی شکار رہے۔
2010 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران شاہد آفریدی گیند کو سیب کی طرح چباتے ہوئے نظر آئے، اس سے قبل 2007 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد ایک شخص کے سر پر بلا بھی دے مارا تھا۔
شاہد آفریدی نے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نگراں چیف سلیکٹر کے طور پر بھی کام کیا، ملک کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں صدر پاکستان کی جانب سے 2010 میں پرائیڈ آف پرفارمنس اور 2018 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
بوم بوم آفریدی نے 2014 میں فلاحی کاموں کا آغاز کیا اور اپنے ہی نام سے فاؤنڈیشن قائم کی، جس کے ذریعے وہ ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے مصروف عمل ہیں، وہ قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے سسر بھی ہیں۔