اسلام آباد: کوئٹہ ، کوہاٹ اور کراچی کے 3 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
اب تک ملک کے 39 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔ رواں سال اب تک 153 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
سربراہ پاکستان پولیو پروگرام ڈاکٹر شہزاد ملک نے کہا کہ جون سے ملک کے 70 مخصوص اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جارہی ہے۔ پولیو مہم میں ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ملک کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے۔ والدین سے اپیل ہے کہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین لازمی پلوائیں۔