اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ ناروے، آئرلینڈ اور اسپین کے بعد دیگر ممالک بھی آزاد فلسطینی ریاست کیلیے کاوشیں کریں گے اور اللہ کے حکم سے جلد فلسطین کی آزاد ریاست معرض وجود میں آئے گی۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی بربریت نے ماؤں سے لخت جگر اور بچوں کو ماں باپ سے محروم کردیا ہے، آٹھ ماہ بعد بھی اسرائیل کی خون کی پیاس ختم نہیں ہوئی، غزہ کے بعد اب رفح پر بھی حملے شروع ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو اسرائیل کی جانب سے پامال کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ناروے اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کے بعد میں نے اُن کے وزرائے اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مبارک باد دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اس سے دوسرے ممالک کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی تین یورپی ممالک کے ساتھ اپنی آواز ملاتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کاوشیں کریں گے‘۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غزہ میں جاری ظلم کا جلد سے جلد خاتمہ کرے، بے گھر فلسطینیوں کے گھروں کو آباد کرے اور فلسطینی ریاست کا قیام جلد معرض وجود میں آئے کیونکہ فلسطینی عوام پر زندگی تنگ ہوچکی ہے۔
وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کے سامنے پاکستانی عوام کی ترجمانی کی اور کہا کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کو حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔