ممبئی: بالی ووڈ کے سینیئر اداکار انیل کپور نے اپنے بڑے بھائی بونی کپور سے جھگڑے کی خبروں پر لب کشائی کردی۔
گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انیل کپور کو اُن کے بھائی اور فلمساز بونی کپور نے فلم ‘نو انٹری 2′ میں کاسٹ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے دونوں بھائیوں کے رشتے میں دراڑ پڑ گئی ہے۔
اس خبر پر انیل کپور خاموش تھے لیکن اب انہوں نے حالیہ پریس کانفرنس کے دوران اپنی خاموشی توڑ دی، ایک صحافی نے اداکار سے بونی کپور کے ساتھ جھگڑے سے متعلق سوال کیا جس پر انیل کپور نے کہا کہ یہ ہمارا گھریلو معاملہ ہے، یہاں اس بات کا ذکر کرنے کی کیا ضرورت ہے، گھر کی بات کو گھر میں ہی رہنے دیں۔
صحافی نے انیل کپور کے سامنے اُن کے بھائی بونی کپور کے الفاظ بھی دُہرائے جس پر اداکار نے کہا کہ ٹھیک ہے کوئی مسئلہ نہیں، آگے بڑھیں، میرا بھائی بونی کبھی غلط نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ بونی کپور 2005 کی فلم ’نو انٹری‘ کا سیکوئیل بنا رہے ہیں جس میں ورون دھون، ارجن کپور اور دلجیت دوسانج مرکزی کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں: فلم ‘نو انٹری 2′ میں کاسٹ نہ کرنے پر انیل کپور اپنے بھائی بونی کپور سے ناراض
بونی کپور نے فلم کے سیکوئل میں اپنے بھائی انیل کپور کو کاسٹ نہیں کیا اور بھائی کی جگہ اپنے بیٹے ارجن کپور کو کاسٹ کرلیا ہے جس کی وجہ سے دونوں بھائیوں کے درمیان بات چیت ختم ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے بونی کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ انیل کپور فلم کی کاسٹ میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن فلم میں اُن کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی کیونکہ اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ جب فلم کے سیکوئل میں بھی پُرانے اسٹارز (فلم کے پہلے حصے کے اداکاروں) کو کاسٹ کیا جائے۔
یاد رہے کہ انیس بزمی کی ہدایتکاری میں بننے والی بلاک بسٹر فلم ‘نو انٹری’ میں سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔