ممبئی: بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ امیشا پٹیل نے میگا اسٹار سنی دیول کی غدر فرنچائز کے تیسرے حصے میں کام کرنے کے لیے متاثر کُن اسکرپٹ کی شرط رکھ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیشا پٹیل نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سوال و جواب کا سیشن رکھا جہاں اُنہوں نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔
اسی دوران ایک مداح نے امیشا پٹیل سے سوال کیا کہ فلم ‘غدر 3′ میں آپ کا اسکرین ٹائم بڑھایا جاسکتا ہے؟ کیونکہ فلم کے جس سین میں آپ نہیں ہوتیں تو میں وہاں سوجاتا ہوں، میں صرف آپ کو دیکھنے کے لیے اپنی محنت کی کمائی سے سینما گھر جاتا ہوں۔
مداح کے سوال کے جواب میں امیشا پٹیل نے کہا کہ ‘غدر 2′ ایک بہترین فلم تھی اور اس کا اسکرین پلے بھی اسکرپٹ کے مطابق ہی تھا، اگر ہم اداکار چاہتے ہیں کہ ہماری فلم کو پسند کیا جائے تو پھر ہمیں اسے اولین ترجیح پر رکھنا بہت ضروری ہے۔
امیشا پٹیل نے کہا کہ بطورِ اداکار، کوئی بھی خود غرض نہیں ہو سکتا، ہم اپنی ہر ضرورت سے زیادہ فلم کو اہمیت دیتے ہیں، مجھے غدر کے اپنے کردار سکینہ سے بہت محبت ہے اور میں اپنے تمام مداحوں کی سکینہ سے پیار کی بھی قدر کرتی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر مجھے ‘غدر 3′ کی پیشکش ہوئی تو میں اسی صورت میں کام کروں گی کہ اگر مجھے فلم کی اسکریٹ نے مطمئن اور متاثر کیا۔
واضح رہے کہ امیشا پٹیل نے سنی دیول کے ساتھ سال 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘غدر: ایک پریم کتھا’ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ گزشتہ سال اس فلم کا دوسرا سیکوئل ‘غدر 2′ ریلیز ہوا تھا۔
‘غدر 2′ میں بھی امیشا پٹیل اور سنی دیول مرکزی کردار میں نظر آئے تھے، فلم کے سیکوئل نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔