کیرالہ: ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس (AMMA) کے سابق جنرل سیکرٹری ایڈویلا بابو کو زیادتی کے الزام میں بدھ کے روز کیرالہ پولیس نے گرفتار کیا۔ تاہم انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا کیونکہ انہوں نے پہلے ہی ایرناکولم کی ایک ضلعی عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔
بابو کی گرفتاری ایک دن بعد ہوئی جب اداکار اور سیاستدان ایم موکیش کو بھی اسی طرح کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا، انہیں بھی پہلے سے حاصل کی گئی ضمانت کے باعث رہا کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) نے ایڈویلا بابو کو کوچی میں کوسٹل پولیس ہیڈکوارٹر میں تین گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا اور بعد ازاں، انہیں طبی معائنے کے لیے ایرناکولم جنرل اسپتال لے جایا گیا۔
یہ الزامات ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد سامنے آئے، جب اداکارہ مینو منیر نے ملیالم فلم انڈسٹری میں ہونے والے جسمانی اور زبانی استحصال کے واقعات کو بے نقاب کیا۔
مینو منیر نے ایک فیس بک پوسٹ میں سات افراد کے نام لیے جن میں ایڈویلا بابو، ایم موکیش، اداکار جے سوریا، مانیان پِلا راجو اور دیگر شامل تھے۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ بابو نے AMMA کی رکنیت کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا تھا۔