ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنی لنکڈ ان پروفائل کو منفرد انداز میں اپ ڈیٹ کر دیا، جس میں انہوں نے خود کو ’جدوجہد کرنے والا اداکار‘ قرار دیا۔
اداکار کی لنکڈ ان پروفائل پر انہیں ’اداکار، استاد، مصنف، اور موٹیویشنل اسپیکر‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
انوپم کھیر نے انسٹاگرام پر اپنی پروفائل کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’ہر پانچ سال بعد میں اپنی سی وی اپ ڈیٹ کرتا ہوں! خوش قسمتی سے میری پیشہ ورانہ زندگی میں عمر کی کوئی قید نہیں۔ امید ہے کہ آپ کو میرا بایوڈیٹا پسند آئے گا!!! جے ہو!‘۔
انہوں نے اپنی پروفائل میں لکھا، ’اگر زندگی ایک فلم ہے، تو مجھے بلاک بسٹر ملی ہے۔ شملہ کے ایک چھوٹے سے قصبے سے لے کر عالمی فلمی میلوں کی ریڈ کارپٹ تک، میں نے 500 سے زائد فلموں، بے شمار کرداروں اور زندگی بھر کے سیکھنے کے ساتھ سفر کیا ہے۔ میری زندگی عزم، جنون، اور اس یقین کا ثبوت ہے کہ ناکامی ایک واقعہ ہے، شخص نہیں۔‘
اس پوسٹ کو انسٹاگرام پر 20,000 سے زائد لائکس مل چکے ہیں، اور مداح ان کے تخلیقی اور مزاحیہ انداز کو پسند کر رہے ہیں۔
انوپم کھیر، جو 500 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں، انہیں دو نیشنل فلم ایوارڈز اور آٹھ فلم فیئر ایوارڈز سے نوازا گیا ہے جبکہ حکومت ہند نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2004 میں پدم شری اور 2016 میں پدم بھوشن سے نوازا ہے۔