ایریزونا: امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے فونیکس میں نائب صدر اور ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے مہم آفس پر فائرنگ کی گئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی خبرایجنسی اے پی کے حوالے سے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فونیکس کے مضافات میں واقع مہم آفس پر ہونے والی فائرنگ سے نقصان ضرور پہنچا ہے لیکن کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کملا ہیرس کا دورہ ایریزونا چند دنوں میں ہوگا تاہم ٹیمپے پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور اس واقعے کی پراپرٹی کرائم کے طور پر تفتیش کر رہی ہے۔
کملا ہیرس کی مہم کے دفتر پر ہونے والے فائرنگ کے موقع پر دفتر میں کوئی موجود نہیں تھا جبکہ اسی دفتر پر اس سے قبل 16 ستمبر کو بھی حملہ کیا گیا تھا۔
مقامی میڈیا میں جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دفتر کے دروازوں اور کھڑکیوں پر گولیوں کے نشان پڑے ہوئے ہیں۔
ایریزونا ڈیموکریٹک پارٹی کے مہم منیجر سین مک اینرنی نے پولیس کی جانب سے فوری ردعمل دینے اور ریلیف فراہم کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تاہم واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔