ممبئی: بگ باس مراٹھی سیزن 5 کے فینز اس وقت شدید مایوس نظر آ رہے ہیں جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ یہ مقبول ریئلٹی شو جلد ہی بند کیا جا سکتا ہے۔
ریتیش دیش مکھ کی میزبانی میں چلنے والا یہ شو اپنی دلچسپ شخصیات اور کانٹروورسیز کی وجہ سے کافی مقبول رہا ہے، لیکن اطلاعات کے مطابق شو کے میکرز نے غور و فکر کے بعد اسے اچانک ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ بگ باس ہندی سیزن کے لیے جگہ بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جس کی میزبانی سلمان خان کریں گے۔
شو کے اچانک اختتام کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں فینز نے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
کئی فینز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شو بہترین ٹی آر پی حاصل کر رہا تھا اور اسے مکمل کیے بغیر ختم کرنا سراسر ناانصافی ہے۔
واضح رہے کہ بگ باس مراٹھی 5 میں ریتیش دیش مکھ نے پہلی بار میزبان کے طور پر قدم رکھا تھا، اور شو میں نکّی تمبولی، ابھیجیت ساونت، ورشا اوسگاؤنکر اور وائبھو چوان جیسے نام شامل تھے۔ اطلاعات کے مطابق، شو کی آخری قسط 6 اکتوبر کو نشر ہوگی۔