لاہور:
نامور گلوکار عاطف اسلم نے فنون لطیفہ کی سرحدوں کو مٹانے اور موسیقی کے نئے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لیے “بارڈر لیس ورلڈ” کے نام سے اپنا ادارہ قائم کردیا۔
لاہور کے ایک مقامی سینما میں اس اہم منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے معروف فن کاروں اور تخلیقی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
عاطف اسلم نے اس موقع پر کہا کہ بارڈر لیس ورلڈ کا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں موسیقاروں، شاعروں اور فنکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا جہان ہوگا جہاں تخلیق کی کوئی حد نہیں ہوگی اور خوابوں کی سرحدیں مٹ جائیں گی۔
تقریب میں مشہور گلوکار ساحر علی بگا، اداکار حمزہ علی عباسی اور صبا قمر جیسے مشہور ناموں کی شرکت نے اس موقع کو یادگار بنا دیا، ماڈل اور اداکار عماد عرفانی، انوشے اشرف اور گلوکار بلال سعید نے بھی تقریب کی رونق میں اضافہ کیا، ہدایت کار بلال لاشاری، عمارہ حکمت اور شائے گل جیسے تخلیق کاروں نے اس منصوبے کی حمایت کا عزم کیا۔