بھارت کی سپرہٹ فلم ’پشپا 2‘ ریلیز کے کئی ہفتوں بعد بھی ایک کے بعد ایک کمائی کے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ تیلگو انڈسٹری کی اس فلم کو مختلف زبانوں میں ڈب کرکے پیش کیا گیا، جن میں تامل، تیلگو، ملیالم، اور ہندی شامل ہیں۔
فلم اب تک دنیا بھر سے 1799 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کر چکی ہے، جبکہ صرف ہندی ورژن نے 806 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔ ہندی ورژن میں الو ارجن کے مشہور کردار کی ڈبنگ معروف بالی وڈ اداکار شریاس تلپاڈے نے کی ہے۔
ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شریاس تلپڑے نے ڈبنگ کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا، ’’الو ارجن کے کئی مناظر ایسے تھے جہاں وہ منہ میں کچھ چبا کر بات کر رہے ہیں، ان سینز کو ڈب کرنا انتہائی مشکل تھا۔‘‘
شریاس نے مزید کہا، ’’پہلے میں نے عام طریقے سے ڈبنگ کی، لیکن یہ آواز قدرتی نہیں لگ رہی تھی۔ پھر میں نے پان رکھ کر کوشش کی، جس سے آواز بگڑنے لگی، آخر کار روئی رکھ کر ڈبنگ کی، تب جا کر درست نتیجہ حاصل ہوا۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ شریاس تلپڑے نے انکشاف کیا کہ وہ ابھی تک الو ارجن سے ذاتی طور پر نہیں ملے ہیں، حالانکہ انہوں نے ان کے کردار کی آواز کو ہندی میں زندگی بخشی ہے۔
پشپا 2 میں الو ارجن کے ساتھ فہد فاصل، راشمیکا مندانہ، اور دیگر اداکاروں نے شاندار اداکاری کی ہے۔ فلم کی کامیابی کے بعد اس کا تیسرا سیکوئل بنانے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔