5

گاندھی کو ‘پاکستان کا باپ’ کہنے پر بھارتی گلوکار کو قانونی نوٹس موصول

پونے کے وکیل آسم ساوڑے نے گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کو ایک پوڈکاسٹ میں دیے گئے متنازع بیان پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ اس پوڈکاسٹ میں ابھیجیت نے مہاتما گاندھی کو “پاکستان کا باپ” قرار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، وکیل آسم ساوڑے نے اپنے مؤکل منیش دیشپانڈے کی جانب سے ابھیجیت کو نوٹس بھجوایا، جس میں ان سے فوری معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر گلوکار نے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف بھارتی نیایا سنہتا (BNS) کی دفعات 353 (عوامی انتشار) اور 356 (ہتک عزت) کے تحت شکایت درج کی جائے گی۔

پوڈکاسٹ کے دوران ابھیجیت نے مہاتما گاندھی کا تقابل موسیقار آر ڈی برمن سے کرتے ہوئے کہا، “مہاتما گاندھی بھارت کے نہیں بلکہ پاکستان کے باپ ہیں۔ بھارت تو پہلے سے موجود تھا، پاکستان بعد میں بھارت سے الگ ہوا۔ گاندھی کو غلطی سے بھارت کا باپ کہا گیا ہے۔”

وکیل نے نوٹس میں گاندھی جی کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے انتھک محنت کی۔

وکیل نے مزید کہا، “آزادی کی تحریک کے دوران جب تقسیم کی بات ہوئی تو گاندھی جی نے کہا تھا، ’میری لاش پر سے گزر کر ہی بھارت تقسیم ہوگا۔ جب تک میں زندہ ہوں، میں کبھی تقسیم کو قبول نہیں کروں گا۔‘”

یہ پہلا موقع نہیں جب ابھیجیت بھٹاچاریہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے برطانوی گلوکارہ دعا لیپا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ممبئی میں گانا گاتے وقت انہیں کریڈٹ نہیں دیا۔

 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں