7

انٹربینک میں روپیہ تگڑا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر معمولی مہنگا

  کراچی:انٹربینک میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر معمولی مہنگا ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت سازی کا بحران ختم ہونے سے آئین کے مطابق 14 دنوں میں مخلوط حکومت کے قیام سے آئی ایم ایف کے ساتھ روابط میں مشکلات دور ہونے کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں بدھ ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا تاہم اوپن مارکیٹ میں اسکے برعکس ڈالر کی قدر میں معمولی نوعیت کا اضافہ ہوا۔

دونوں اکثریتی سیاسی جماعتوں کے درمیان شراکت اقتدار کا معاہدہ طے ہونے سے آئینی مدت میں نئی مخلوط حکومت کا قیام واضح ہونے، رمضان المبارک کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد بڑھنے کی امید اور درآمدی ضروریات انتہائی محدود ہونے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 43 پیسے کی کمی سے 279 روپے 13 پیسے کی سطح پر بھی آگئے تھے تاہم سپلائی بہتر ہوتے ہی دوپہر کے بعد مارکیٹ فورسز کی طلب آنے کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 7 پیسے کی کمی سے 279 روپے 49 پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ ڈالر کی قدر 12 پیسے کے اضافے سے 282 روپے 44 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں آئی ایم ایف سے جاری پروگرام کے تحت قرضے کی آخری قسط جاری ہونے کی امید بھی ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں عمرہ وحج زائرین کی پیشگی خریداری سرگرمیوں میں تقریباً 10 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ میں بتدریج اضافہ نظر آرہا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں