[ad_1]
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشترکہ گرینڈ الائنس تشکیل دے دیا جس کی سربراہی محمود اچکزئی کو دینے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الائنس میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے محمود اچکزئی سربراہی کریں گے اور وہ تین دن کے اندر مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کر کے الائنس میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پہلے سے ہی حکومت کے خلاف جانے کی کال دے چکے ہیں، محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرے گی۔
پی ٹی آئی اور جے یو آئی محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ساتھ چلیں گے جبکہ الائنس میں جماعت اسلامی کو بھی بڑا عہدہ ملنے کے امکانات ہے۔
قبل ازیں اپوزیشن کی پانچ جماعتوں کا گرینڈ الائنس کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں جماعت اسلامی سے لیاقت بلوچ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر مینگل، تحریک انصاف کے چیئرمین گوہر خان، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی شرکت کی۔ اہم بیٹھک میں اپوزیشن اتحاد کی تشکیل سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی جبکہ کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے۔
[ad_2]
Source link