[ad_1]
اسلام آباد: پاکستان بار کونسل نے عدلیہ میں مداخلت کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پاکستان بار نے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن بنانے مطالبہ کر دیا۔
وائس چیئرمین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں عدالتی امور میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مداخلت کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 معزز ججز کے خط پر غور کیا گیا۔ کونسل نے قرار دیا کہ ججز کو ہماری قوم میں سب سے زیادہ عزت دی جاتی ہے۔ ججز مقدمات کا فیصلہ کرنے کی اہم ذمے داری نبھاتے ہیں۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے استعفے کا مطالبہ اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کا مطالبہ غیر ضروری ہے۔ مطالبہ ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے جو عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں۔ ان کے استعفے کا مطالبہ نہ صرف عدلیہ کو کمزور کرے گا بلکہ موجودہ مسائل کو حل کرنے میں بھی ناکام ہوگا۔
بار کونسل نے کہا کہ ججوں نے خود ہی یہ خدشات اٹھائے ہیں، لہٰذا سچائی کو ظاہر کرنے کے لیے کسی بیرونی مداخلت سے پاک اور غیر جانبدارانہ تحقیقات بہت ضروری ہے۔
[ad_2]
Source link