[ad_1]
راولپنڈی: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کا ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو گونر فارم کے قریب شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ بند ہوگئی تھی۔
لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ایف ڈبلیو او کی ٹیم نے نائب صوبیدار خالد کی قیادت میں امدادی کام شروع کیا اور روٹ کلیئر کرنے کی کوشش کی جس کے دوران پہاڑ سے تودہ نیچے گرا جس کے نتیجے میں صوبیدار خالد شدید زخمی ہوئے۔
زخمی صوبیدار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آج دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی صحت اب بہتری کی جانب گامزن ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں شہید صوبیدار کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ قوم ان کی خدمت اور مدد کے لیے لگن کی شکر گزار ہے، پاک فوج تمام مشکلات کے باوجود قوم کی خدمت اور ہر مسئلے سے نبردآزما ہونے کے لیے پُرعزم ہے۔
[ad_2]
Source link