[ad_1]
عیدالفطر کا دن اللہ کی طرف سے انعام کا دن ہے اور عام معافی کا دن ہے ، مسلمانوں کیلئے یہ دن خوشی کا تہوار ہے اور اللہ کریم اپنے بندوں پر راضی ہو جا تا ہے۔
یومِ عید ، ماہِ صیام کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ سے انعامات پانے کا دن ہے، تو اس سے زیادہ خوشی و مسرّت کا موقع کیا ہو سکتا ہے؟ یہی وجہ ہے کہ اُمّتِ مسلمہ میں اِس دن کو ایک خاص مقام اور اہمیت حاصل ہے۔’’عید کا لفظ ’’عود‘‘ سے مشتق ہے، جس کے معنیٰ’’لَوٹنا‘‘ کے ہیں ، یعنی عید ہر سال لَوٹتی ہے ، اس کے لَوٹ کے آنے کی خواہش کی جاتی ہے ۔ اور ’’فطر‘‘ کے معنی ’’روزہ توڑنے یا ختم کرنے‘‘ کے ہیں ۔
چونکہ عید الفطر کے روز ، روزوں کا سلسلہ ختم ہوتا ہے اور اس روز اللہ تعالیٰ بندوں کو عباداتِ رمضان کا ثواب عطا فرماتے ہیں ، تو اِسی مناسبت سے اسے ’’عید الفطر‘‘ قرار دیا گیا۔ حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ اہلِ مدینہ دو دن بہ طورِ تہوار مناتے اور اُن میں کھیل تماشے کیا کرتے تھے ۔ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ سلم نے اُن سے دریافت فرمایا ’’یہ دو دن، جو تم مناتے ہو، ان کی حقیقت اور حیثیت کیا ہے؟‘‘ تو اُنہوں نے کہا’’ہم عہدِ جاہلیت میں (یعنی اسلام سے پہلے) یہ تہوار اِسی طرح منایا کرتے تھے۔‘‘ یہ سن کر نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا’’اللہ تعالیٰ نے تمہارے ان دونوں تہواروں کے بدلے میں ان سے بہتر دو دن مقرّر فرما دیے ہیں۔
یوم عیدالاضحٰی اور یوم عیدالفطر۔‘‘(ابو داؤد) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عیدین کے موقعے پر شرعی حدود میں رہتے ہوئے خوشیاں منانے کی اجازت دینے کے ساتھ، دوسروں کو بھی ان خوشیوں میں شامل کرنے کی ترغیب دی اور ان مواقع پر عبادات کی بھی تاکید فرمائی کہ بندہ مومن کسی بھی حال میں اپنے ربّ کو نہیں بھولتا۔ احادیثِ مبارکہؐ میں شبِ عید اور یومِ عید کی بہت فضیلت بیان فرمائی گئی ہے۔ حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا’’جب عیدالفطر کی رات ہوتی ہے، تو اسے آسمانوں پر’’لیلۃ الجائزہ‘‘یعنی’’انعام کی رات‘‘ کے عنوان سے پکارا جاتا ہے اور جب صبح عید طلوع ہوتی ہے، تو حق تعالیٰ جل شانہ فرشتوں کو تمام بستیوں میں بھیجتا ہے اور وہ راستوں کے کونوں پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور ایسی آواز سے، جسے جنّات اور انسانوں کے سِوا ہر مخلوق سنتی ہے، پکارتے ہیں کہ’’اے امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کریم ربّ کی بارگاہِ کرم میں چلو، جو بہت زیادہ عطا فرمانے والا ہے۔‘‘ جب لوگ عید گاہ کی طرف نکلتے ہیں، تو اللہ ر ب العزت فرشتوں سے فرماتا ہے’’اُس مزدور کا کیا بدلہ ہے، جو اپنا کام پورا کر چکا ہو؟‘‘ وہ عرض کرتے ہیں’’اے ہمارے معبود! اس کا بدلہ یہی ہے کہ اُس کی مزدوری اور اُجرت پوری پوری عطا کر دی جائے‘‘، تو اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں’’اے فرشتو! تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ میں نے اُنہیں رمضان کے روزوں اور تراویح کے بدلے میں اپنی رضا اور مغفرت عطا فرما دی‘‘ اور پھر بندوں سے ارشاد ہوتا ہے کہ’’اے میرے بندو! مجھ سے مانگو، میری عزت و جلال اور بلندی کی قسم! آج کے دن آخرت کے بارے میں جو سوال کرو گے، عطا کروں گا۔
دنیا کے بارے میں جو سوال کرو گے، اُس میں تمہاری مصلحت پر نظر کروں گا۔ میرے عزوجلال کی قسم! میں تمہیں مجرموں اور کافروں کے سامنے رُسوا نہ کروں گا۔ میں تم سے راضی ہوگیا۔‘‘(الترغیب والترہیب) بلاشبہ وہ لوگ نہایت خوش قسمت ہیں کہ جنھوں نے ماہِ صیام پایا اور اپنے اوقات کو عبادات سے منور رکھا۔ پورا رمضان اللہ کی بارگاہ میں مغفرت کے لیے دامن پھیلائے رکھا۔ یہ عید ایسے ہی خوش بخت افراد کے لیے ہے اور اب اُنھیں مزدوری ملنے کا وقت ہے۔
تاہم، صحابہ کرامؓ اور بزرگانِ دین اپنی عبادات پر اِترانے کی بجائے اللہ تعالیٰ سے قبولیت کی دُعائیں کیا کرتے تھے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے عید کی مبارک باد دینے کے لیے آنے والوں سے فرمایا ’’عید تو اُن کی ہے، جو عذابِ آخرت اور مرنے کے بعد کی سزا سے نجات پا چکے ہیں۔
کس قدر افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ہاں’’چاند رات‘‘ کو ایک لحاظ سے شرعی پابندیوں سے فرار کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے، حالاں کہ چاند رات کو حدیث شریف میں ’’لیلۃ الجائزہ‘‘ یعنی’’انعام والی رات‘‘ کہا گیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا’’رمضان المبارک کی آخری رات میں اُمّتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔
صحابہ کرامؓ نے عرض کیا’’یارسول ا للہ صلی اللہ علیہ وسلم! کیا وہ شبِ قدر ہے؟ آپ ؐ نے فرمایا’’نہیں۔ کام کرنے والے کو مزدوری اُس وقت دی جاتی ہے، جب وہ کام پورا کر لیتا ہے اور وہ آخری شب میں پورا ہوتا ہے، لہٰذا بخشش ہو جاتی ہے۔‘‘ (مسند احمد) جو لوگ پورے ماہِ مقدّس میں تقویٰ و پرہیزگاری کی راہ پر کاربند رہے، اُن میں سے بھی بہت سے اس رات لہو ولعب میں مشغول ہو کر اپنی ساری محنت اکارت کر بیٹھتے ہیں۔
دراصل، شیطان آزاد ہوتے ہی خلقِ خدا کو تقویٰ و پرہیزگاری کے راستے سے ہٹا کر فسق وفجور کی طرف مائل کرنے کی کوششوں میں لگ جاتا ہے اور بدقسمتی سے بہت سے لوگ اُس کے پُرفریب جال میں پھنس جاتے ہیں۔ نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے’’جب یومِ عید آتا ہے، تو شیطان چلا چلا کر روتا ہے، اُس کی ناکامی اور رونا دیکھ کر تمام شیاطین اُس کے گرد جمع ہو جاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ’’تجھے کس چیز نے غم ناک اور اُداس کردیا؟‘‘ شیطان کہتا ہے کہ’’ہا ئے افسوس!اللہ تعالیٰ نے آج کے دن امت محمدیہ کی بخشش فرما دی ہے۔
لہٰذا تم اُنہیں پھر سے لذّتوں اور خواہشاتِ نفسانی میں مشغول کر دو۔‘‘ ہم چاند رات بازاروں اور غل غپاڑے میں گزار دیتے ہیں، جب کہ احادیثِ مبارکہؐ میں اس رات میں عبادت کی تاکید کی گئی ہے۔ حضرت ابو امامہؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو شخص عید الفطر اور عید الاضحٰی کی راتوں میں عبادت کی نیّت سے قیام کرتا ہے ، اُس کا دِل اُس دن بھی فوت نہیں ہو گا جس دن تمام دِل فوت ہو جائیں گے ۔‘‘ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو زمانہ خلافت میں لوگ عید کی مبارک باد دینے گئے ، تو دیکھا کہ امیر المومنین خشک روٹی کے ٹکڑے تناول فرما رہے ہیں۔
کسی نے کہا ’’آج تو عید کا دن ہے؟‘‘ یہ سن کر آپؓ نے ایک سرد آہ بھری اور فرمایا ’’جب دنیا میں ایسے بہت سے لوگ موجود ہوں، جنھیں یہ ٹکڑے بھی میّسر نہیں، تو ہمیں عید منانے کا حق کیوں کر حاصل ہے؟‘‘ روایت ہے کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم نمازِ عید سے فارغ ہو کر واپس تشریف لے جا رہے تھے کہ راستے میں آپؐ کی نظرایک بچّے پر پڑی، جو میدان کے ایک کونے میں بیٹھا رو رہا تھا ۔ نبی کریمؐ اُس کے پاس تشریف لے گئے اور پیار سے اُس کے سَر پر دستِ شفقت رکھا، پھر پوچھا’’کیوں رو رہے ہو؟‘‘ بچّے نے کہا’’میرا باپ مر چُکا ہے، ماں نے دوسری شادی کر لی ہے، سوتیلے باپ نے مجھے گھر سے نکال دیا ہے ، میرے پاس کھانے کو کوئی چیز ہے۔
نہ پہننے کو کپڑا۔‘‘یتیموں کے ملجا صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں میں آنسو آگئے، فرمایا کہ’’اگر میں تمہارا باپ، عائشہؓ تمہاری ماں اور فاطمہؓ تمہاری بہن ہو، تو خوش ہو جاؤ گے؟‘‘ کہنے لگا’’یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! اس پر میں کیسے راضی نہیں ہو سکتا۔‘‘ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بچّے کو گھر لے گئے۔
صدقہ فطر ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر واجب ہے، اس ضمن میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ’’رسول ا للہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقہ فطر واجب کیا تاکہ روزہ لغو اور بے ہودہ باتوں سے پاک ہو جائے اور مساکین کے لیے کھانے کا بندوبست بھی ہو جائے۔‘‘ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی طور پر صدقہ فطر کا فلسفہ یہی ہے کہ عید الفطر کی خوشیوں میں غریب مسلمان بھی بھرپور طریقے سے شریک ہو سکیں۔
اسی طرح ایک اور حدیث شریف ہے کہ’’عید الفطر کے دن محتاجوں کو خوش حال بنا دو ۔‘‘ گو کہ صدقہ فطر کبھی بھی دیا جا سکتا ہے، تاہم عام طور پر ماہِ رمضان کے آخری دنوں میں ادا کیا جاتا ہے، جب کہ بہت سے لوگ نمازِ عید کے لیے جاتے ہوئے راہ میں بیٹھے بھکاریوں کو فطرانہ دیتے جاتے ہیں، جو کہ مناسب طریقہ نہیں ۔ بہتر یہی ہے کہ عید سے قبل ہی فطرانہ ادا کر دیا جائے تاکہ ضرورت مند افراد بھی عید کی تیاری کر سکیں۔
حضرت ابو امامہؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو شخص عید الفطر اور عید الاضحی کی راتوں میں عبادت کی نیّت سے قیام کرتا ہے، اُس کا دِل اُس دن بھی فوت نہیں ہوگا جس دن تمام دِل فوت ہو جائیں گے۔‘‘ (ابن ماجہ) حضرت معاذ بن جبلؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو شخص پانچ راتیں عبادت کرے، اُس کے لیے جنّت واجب ہو جاتی ہے۔وہ راتیں یہ ہیں، ذوالحجہ کی10,9,8ویں رات، شبِ برات اور عید الفطر کی رات۔‘‘ (الترغیب والترہیب) لہٰذا، ہمیں چاہیے کہ اس رات بے مقصد گھومنے پِھرنے اور گناہ کے کاموں میں گزارنے کی بجائے نوافل، نمازِ تہجّد، تلاوتِ قرآن اور دیگر عبادات میں مشغول رہیں تاکہ اس کی برکات حاصل کر سکیں۔
عید کے اس پرمسرت موقع پر ہمارا ایک کام یہ بھی ہونا چاہیے کہ پاس پڑوس اور رشتے داروں پر نظر دوڑائیں کہ کہیں اُن میں سے کوئی ایسا تو نہیں، جو اپنی غربت اور تنگ دستی کے سبب عید کی خوشیوں میں شامل ہونے سے محروم ہے ۔ اگر ایسا ہے، تو یقین جانئے ، ہم خواہ کتنے ہی اچھے کپڑے پہن لیں ، طویل دسترخوان سجا لیں، عیدیاں بانٹتے پِھریں ، ہماری عید پھر بھی پھیکی ہی رہے گی ، بلکہ ایسی عید، عید کہلانے کے قابل ہی نہیں ، جس میں دیگر افراد شامل نہ ہوں ۔کوشش کرنی چاہیے کہ ایسے خوشی کے موقع پر سفید پوش افراد کو ڈھونڈ کر ان کی مدد کی جائے تاکہ وہ اور ان کا خاندان بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکے۔
اس ضمن میں ایک اہم بات یہ بھی ذہن نشین رہے، دعا ہے کہ مولائے کریم ہم سب کو عید الفطر کی خوشیاں نصیب فرمائے اور اس موقع پر غریب ناداروں کو بھی یاد کھنے کی توفیق بخشے، اللہ کریم ہمارے پیارے ملک عزیز پاکستان کو تمام خطرات سے محفوظ رکھے اور صبح قیامت تک قائم و دائم رکھے۔ آمین
[ad_2]
Source link