[ad_1]
لاہور: پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کے لیے انوائرمینٹل پروٹیکشن اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ماحول کو بہتر بنانے اور اسموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی انوائرمینٹل پروٹیکشن اتھارٹی) بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صدارت میں کابینہ کی اسموگ سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میں اسموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے، جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کے ویژن پر عمل درآمد کے لیے لیگل فریم ورک کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کے لیے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سےڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیا جائے گا جس سے پتا چلے گا کہ کون سا شعبہ اسموگ میں کتنے اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ اسموگ، زہریلے مادوں اور دھویں کے اخراج کے ذرائع کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔ صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا۔ گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیاجارہا ہے۔ زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیاجائے گا۔ خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام لایا جا رہا ہے۔ زہریلے دھویں پر کنٹرول کے لیے تمام صنعتوں کو ’ایمشن کنٹرول سسٹمز‘ لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا۔
[ad_2]
Source link