[ad_1]
کراچی: پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی جامعہ کراچی کے چار رئیس کلیات (ڈینز آف فیکلیٹیز) اور صدر انجمن اساتذہ سمیت 200 سے زائد اساتذہ نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کرنے والے امریکی جامعات کے اساتذہ و طلبہ سے اظہار یکجہتی کے لیے انھیں اپنے دستخط کے ساتھ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
امریکی جامعات کے اساتذہ و طلبہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل مظالم کی مذمت پر مبنی اس مراسلے پر جامعہ کراچی کے سینیئر پروفیسرز سمیت 210اساتذہ نے دستخط کیے ہیں۔
جاری کیے گئے مکتوب میں رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ معارف اسلامی ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، رئیس کلیہ علوم الادویات (فارمیسی) ڈاکٹر حارث شعیب، رئیس کلیہ سائنس اینڈ انجینیئرنگ ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، صدر انجمن اساتذہ ڈاکٹر شاہ علی القدر، ڈاکٹر فیضان نقوی، ڈاکٹر ریاض احمد، شعبہ پیٹرولیم ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر غفران عالم، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ڈاکٹر محمد عاصم اور اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر کے ڈاکٹر اصغر علی سمیت دیگر اساتذہ شامل ہیں۔
دستخطی مکتوب میں امریکا کے طول و عرض میں موجود ان مختلف یونیورسٹیز کے اساتذہ و طلبہ کو ارسال کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی کے طور پر کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ ان اساتذہ و طلبہ سے جو گزشتہ کئی دنوں سے امریکا حکام کی جانب سے مسلسل دباؤ اور تشدد کے باوجود غزہ میں ہونے والے انسانی المیہ کے خلاف ڈٹ کر احتجاج اور اس پر اپنی حکومتی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے اپنی علمی آزادی کا ثبوت پیش کر رہے ہیں، اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
اس مکتوب میں نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی، نیویارک یونیورسٹی، مشی گن یونیورسٹی، ایم آئی ٹی، بارکلے، ٹیکساس یونیورسٹی آسٹن، ییل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ساؤتھ کیلیفورنیا، ایموری یونیورسٹی اٹلانٹا، اوہائیو یونیورسٹی، جارج واشنگٹن یونیورسٹی انڈیانا یونیورسٹی، اریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی سمیت دیگر 40 سے زائد یونیورسٹیز کے احتجاجی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بے پناہ سراہا گیا ہے۔
جامعہ کراچی کے اساتذہ نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری فلسطینی نسل کشی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اس نسل کشی کے خاتمے اور اسرائیل کے اس قتل عام میں مختلف ممالک کی معاونت کی مذمت کرتے ہوئے مختلف حکومتوں کی جانب سے اسلحہ کی فراہمی پر بھی کڑی تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ امریکا اور دیگر ممالک کی اسرائیل کی جنگی معاونت قابل مذمت ہے۔
مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی علمی آزادی کی اس جدوجہد میں امریکی یونیورسٹیوں کے اساتذہ کے ساتھ جامعہ کراچی کے اساتذہ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پر امن دنیا اور فلسطین کی آزادی کے لیے مل کر اواز بلند کرتے رہیں گے۔
[ad_2]
Source link