[ad_1]
کراچی: شہر قائد میں اتوار کو سال 2024 کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا اور درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر میں گرم و مرطوب دن ریکارڈ ہوا، سمندری ہوائیں متاثر ہونے کے سبب دن کے وقت لو کے تھپیڑے چلے اور ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد تک بڑھنے کے باعث اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.9 ڈگری اضافے سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.1 ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آج سے بلوچستان کی شمال مغربی ہواؤں کے شہر پر اثرانداز ہونے اور سمندری ہواؤں کی مختصر وقت کے لیے بندش کے نتیجے میں گرمی کی جذوی لہر کا امکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت 39 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ چیف میٹرلوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق گرمی کی جذوی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ہوا میں اس دوران نمی کا تناسب 10 تا 20 فیصد رہےگا۔
[ad_2]
Source link