[ad_1]
کراچی: حکومت نے کراچی کی حدود میں ہر قسم کی پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال اور فروخت پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پلاسٹک کی تھیلیوں کی وجہ سے کراچی میں سیوریج لائنوں اور برساتی نالوں کی چوکنگ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہر سال نالوں کی صفائی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود پلاسٹک کی تھیلیوں کی وجہ سے نالے بند ہوجاتے ہیں اور برسات کے دوران یہ مسئلہ شدت اختیار کرجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یہ اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرز پر کراچی میں بھی ہر قسم کے مائیکرون سے بنی پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کے لیے صوبائی سطح پر ضروری قانون سازی کی جائے گی اور جس سطح پر بھی ضروری ہو اقدامات عمل میں لائے جائیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اور دیگر شہری ادارے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے کراچی کو ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائیں گے اور اس سلسلے میں مشترکہ حکمت عملی تیار کر کے اس پر بلاتاخیر عملدرآمد کیا جائے گا۔
[ad_2]
Source link