[ad_1]
کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے مالی سال میں پیپلز بس سروس کے تحت بسوں کی تعداد میں مزید اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر اور وزیرٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا وژن ہے کہ تحصیلوں کو ضلعی ہیڈکوارٹرز سے ملایا جائے، جس کے لیے پیپلز بس سروس کے تحت اسکیم لانے پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایات کے تحت سکھر تا لاڑکانہ اور سکھر تا خیرپور بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔
اجلاس میں مختلف بی آر ٹیز، سگنلز، بس ٹرمینلز کی تعمیر نو، پیپلز بس سروس کے لیے یوٹرن بنانے کے تعمیراتی کام پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر حیدرآباد کے مرکزی علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا اور سینئر وزیر کو 8 بس ٹرمینلز کا تعمیراتی کام مکمل ہونے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
شرجیل انعام میمن کو حکام نے بتایا کہ 8 بس ٹرمینلز کا کام مکمل ہو چکا ہے اور مذکورہ تمام ٹرمینلز جون تک فعال ہو جائیں گے۔
[ad_2]
Source link