[ad_1]
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشت کاروں کے لیے بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشیائے خور و نوش مزید سستی کریں گے۔
صوبے کے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے روٹی سمیت دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 3 ماہ سے بھی کم وقت میں اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کے مترادف ہے۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل،تجاویز اورسفارشات پیش کیں ، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے انہیں عوام سے قریبی رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے ملاقات کے دوران کہا کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مزید کم کریں گے۔ پنجاب کے کاشتکاروں کے لیے بہت بڑا کسان کارڈ پروجیکٹ لارہے ہیں۔ گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے، اب براہ راست کسان کوسبسڈی دیں گے۔ وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اورٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔پرائس کنٹرول اور دیگر امور کے لیے بھی الگ سسٹم بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہروں میں ہائبرڈبسیں لارہے ہیں اورنوجوانوں کو موٹر سائیکل دیں گے۔ 2 سے 4 مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کے لیے قرضے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے،دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے لیے چین سمیت دیگر ممالک سے رابطے کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے لیے آنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ، مرغوب احمد، کاشف پڈھار،محمد حسن ریاض، نعیم صفدر انصاری، غزالی سلیم بٹ، زاہد اکرم، طارق سبحانی، محمد سلمان نعیم،قاسم ندیم، سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شہباز اور بلال ذوالفقا ر علی کھوکھر شامل تھے۔
[ad_2]
Source link