[ad_1]
پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے واضح جواب طلب کرلیا اور اگلی سماعت پر الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا۔
خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ سینیٹ الیکشن خیبرپختونخوا میں ابھی تک نہیں ہوا، ہماری استدعا ہے کہ سینیٹ الیکشن جلد کرایا جائے۔
وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے کہا کہ سپریم کورٹ میں دو کیسز زیرسماعت ہیں ایک مخصوص نشستوں والا اور دوسرا حلف برداری کا ہے۔
جسٹس وقار احمد نے کہا کہ کیا اس وقت تک آپ سینیٹ کا الیکشن نہیں کرائیں گے؟ اس سے تو صوبے کے عوام کے حقوق متاثر ہورہے ہیں، سینیٹ میں اس صوبے کی نمائندگی نہیں ہے، آپ ہمیں بتا دیں کہ الیکشن کب کرارہے ہیں؟
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم تو تیار ہیں الیکشن کرانے کے لیے تاہم سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کے حوالے سے ہائی کورٹ کا جو فیصلہ ہے اسے معطل کردیا۔
وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے کہا کہ ڈی جی لا سے بات ہوئی ہے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اجلاس ہوگا جس میں الیکشن کمیشن سینیٹ الیکشن کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ آئندہ سماعت پر کلیئر رپورٹ جمع کرائیں کہ الیکشن کب کرائیں گے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔
[ad_2]
Source link