[ad_1]
کراچی: کھارادر پولیس نے بھتا لینے کیلیے آئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار عزیر بلوچ کے کمانڈر وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے۔
ترجمان ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق وصی اللہ لاکھو کے کہنے پر تاجروں کی دکانوں پر فائرنگ کرنے اور بھتا طلب کرنے والے 2 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیے گئے ۔ گزشتہ روز ملزمان بھتا طلب کرنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے کھارادر ماشا اللہ جنرل اسٹور پر فائرنگ کرنے کے لیے آئے تھے ۔
ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ گشت پر مامور کھارادر پولیس نے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیربلوچ کے کمانڈر وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے ۔گرفتار ملزمان میں رضوان اور کبیر شامل ہیں ۔ ملزم رضوان سلمان پٹھان کا سگا بھائی ہے ، جو وصی اللہ لاکھو کا دست راست اور پولیس کو قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب و مفرور ہے۔
گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشافات کیے ہیں کہ 22 اپریل 2024ء کو وصی اللہ لاکھو کے کہنے پر رحمان بریانی کی دکان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے جس کا مقدمہ الزام نمبر 129/2024 بجرم دفعہ 385/387/324/34 RW 7ATA تھانہ کھارادر میں درج ہے ۔
ملزمان نے بتایا کہ 30 اپریل کو وصی اللہ لاکھو کے کہنے پر بھتا کے لیے ہنڈا شوروم کھارادر پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے تھے ، جس کا مقدمہ الزام نمبر 139/2024 بجرم دفعہ 385/387/324/109/34 RW 7ATA تھانہ کھارادر میں درج ہے ۔ ملزمان گزشتہ روز بھی ماشااللہ جنرل اسٹور کھارادر پر فائرنگ کرنے کے لیے آئے تھے اور غلطی سے مہران بیکری پر فائرنگ کردی تھی، جس سے بیکری کا ملازم بھی زخمی ہوا تھا ۔بعد از ملزمان نے ماشااللہ جنرل اسٹور پر بھی فائرنگ کی تھی جس کی پولیس کے پاس سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔ ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس نے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔
ان تمام واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی پولیس نے حاصل کر لی ہیں ۔ گرفتار ملزمان سے 2 پستول مع گولیاں ، موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
[ad_2]
Source link