[ad_1]
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نالائقی کی وجہ سے نوجوان مایوس ہوکر ملک چھوڑ رہے ہیں۔
جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ریلوے گراؤنڈ آئی آئی چند ریگر روڈ پر ہزاروں طلبہ و طالبات کو آئی ٹی کے مفت کورسز کروانے کے لیے ”الخدمت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ“ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 5 سے 15 سال کی عمر کے 2 کروڑ 62 لاکھ بچے ملک میں ایسے ہیں جنہیں اسکول جانا چاہیے لیکن وہ نہیں جارہے۔
حافظ نعیم نے کہا ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کو مفت تعلیم دے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، جماعت اسلامی نوجوانوں کو مضبوط اورمتحد کرے گی، آئندہ ایک سال میں دس لاکھ طلبہ وطالبات کو فری آئی ٹی کورسز اور ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو بنیادی فری آئی ٹی ایجوکیشن دیں گے جو 50 لاکھ طلبہ وطالبات کو اپنے اپنے اسکولز میں کورسز کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کے بجائے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں تاکہ انہیں عزت، روزگار اورامن ملے، نوجوان جماعت اسلامی کی تعلیم عام کرنے کی جدوجہد میں بھی رضاکار بنیں اور سوشل میڈیا کے درست استعمال اورآئی ٹی کورسزکی تعلیم سے اپنا اور ملک و قوم کا مستقبل بہتر کریں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی صرف پورے ملک کا ہی نہیں اس خطے کا بھی آئی ٹی حب بن سکتا ہے، آئی ٹی پلیٹ فارم کے ٹھیک ہونے سے ہم 7 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کرسکتے ہیں۔ بدقسمتی سے گزشتہ 5 سال آئی ٹی منسٹر کراچی سے رہے لیکن انہوں نے آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، آج بھی صوبے اور وفاق میں فارم 47 والے حکمران مسلط ہیں، ان سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کراچی کے طلبہ وطالبات کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ بنو قابل پروگرام ایک گیم چینجرز پروگرام ہے اس سے نہ صرف کراچی کے نوجوانوں بلکہ پورے کراچی کا مستقبل بہتر بنے گا۔ الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت دوبیجز پاس ہوچکے ہیں اور اپنے والدین کا سہارا بن رہے ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ الخدمت بنوقابل پروگرام میں 20ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرچکے ہیں۔آج بنوقابل ٹیسٹ میں 30ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شامل ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آج کے ٹیسٹ میں شریک تمام ہی طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورس کروائیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز ہیں، ہم ٹاؤنز کی سطح پر بھی فری آئی ٹی کورس کروائیں گے۔
بنوقابل ٹیسٹ کی تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید،الخدمت کراچی کے سی ای اونوید علی بیگ، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ سرفراز احمد کا اسٹیج آمد پر بنوقابل ٹیسٹ کے شرکاء نے شاندار استقبال کیا۔ سرفراز احمد نے الخدمت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
[ad_2]
Source link