[ad_1]
کراچی: شہر قائد میں پولیس مقابلوں اور سرچ آپریشنز کے دوران پولیس وردی پہن کر وارداتیں کرنے والوں سمیت 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
پاک کالونی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلےمیں پولیس وردی پہن کر وارداتیں کرنے والے گینگ کے 3 ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے یونیفارمز،3 پسٹل اورایک کرولا کاربرآمد کرلی گئی۔ ملزمان میں بابر،غلام علی اورراجا علی شامل ہیں جب کہ چوتھا ساتھی واجد فرار ہوگیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق بین الصوبائی گینگ سے ہے جو سندھ بھر میں وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان نے 6 ماہ قبل نوری آباد سے پولیس یونیفارم پہن کر آلٹو کار بھی چھینی تھی۔ اس کے علاوہ ملزمان نے شاہراہِ فیصل اور بلوچ کالونی سے کئی کاریں اور موٹر سائیکلیں چھینیں اور بلوچستان میں فروخت کیں۔
گرفتار ملزمان سندھ بھر میں اسنیچنگ کی 36 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب خمیسو گوٹھ اور موسیٰ کالونی میں کومبنگ سرچ آپریشن کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ۔حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن محرم الحرام کی آمد سے قبل جرائم پیشہ افراد کے خلاف 22 تا 26 جون جاری رہے گا۔
علاوہ ازیں پولیس نے شہرکےمختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت6 ملزمان کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمدکرلیں۔
جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پیرآباد تھانے کے علاقے قصبہ کالونی پراچہ قبرستان کے قریب پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت سیف اللہ ولد احمد خان کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
سعود آباد تھانے کی حدود میں واقع محافظ گراؤنڈ کے قریب پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہد ولد سبحان کے نام سے کی گئی، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
اُدھر بریگیڈ پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم عبید خان ولد محمد کامل خان کوگرفتارکرلیا، جس کا ایک ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ ملزمان شاہراہِ قائدین پر اللہ والا پکوان کے قریب فوڈپانڈا رائیڈر کو اسلحہ کے زور پر واردات کا نشانہ بنا رہے تھے کہ گشت پرمامورپولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
عزیز بھٹی پولیس نے گلشنِ اقبال بلاک 10 نظارت پول کے قریب کارروائی کرکے 2 اسٹریٹ کرمنلز خرم ولد خالد اور نظام الدین ولد شبیر احمد کو گرفتارکرلیا اور ان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزمان کے زیرِ استعمال بلا نمبری 125 موٹرسائیکل تھی جو شاہراہِ فیصل کے علاقے سے اسلحہ کے زور پرچھینی گئی تھی۔ جس کی واردات کا مقدمہ الزام نمبر 622/2024 بجرم دفعہ 397/34 ت پ تھانہ شاہراہِ فیصل میں درج ہے۔
لیاقت آبادپولیس نے اسٹوڈنٹ گراؤنڈ بی ون ایریا کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم شاہد ولد عمر دراز خان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک ریوالور 32 بور رنگ سیاہ لوڈ میگزین بمعہ 3 راؤنڈ زندہ برآمد کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 333/2024 سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
[ad_2]
Source link